نئی دہلی: سپریم کورٹ نے ایک خاتون وکیل پر اس کے شوہر کی جانب سے مبینہ طور پر کیے گئے سنگین حملے کا پیر کے روز ازخود نوٹس لیتے ہوئے دہلی پولیس کمشنر کو ہدایت دی کہ اس معاملے کی تحقیقات کسی سینئر پولیس افسر، ترجیحاً اے سی پی یا ڈی سی پی رینک کی خاتون افسر کے سپرد کی جائیں۔
چیف جسٹس سوریہ کانت اور جسٹس جوئمالیہ باگچی کی بنچ نے اس معاملے میں ازخود کارروائی کرتے ہوئے تحقیقاتی افسر کو یہ بھی ہدایت دی کہ وہ اس پہلو کی جانچ کرے کہ تین اسپتالوں نے متاثرہ خاتون کو داخل کرنے سے کیوں انکار کیا۔ پولیس کی جانب سے پیش ہونے والی ایڈیشنل سالیسٹر جنرل ایشوریہ بھاٹی نے عدالت کو بتایا کہ ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے اور متاثرہ خاتون کے شوہر کو 25-26 اپریل کی درمیانی شب گرفتار کر لیا گیا تھا۔
بنچ نے کہا کہ فوری مداخلت کی درخواست والے ایک خط کے بعد اس نے اس معاملے کا ازخود نوٹس لیا۔ سپریم کورٹ نے متعدد ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شکایت میں متاثرہ خاتون کے سسرالی افراد پر الزام ہے کہ وہ اس کے دو نابالغ بچوں کو اپنے ساتھ لے گئے ہیں اور ان کا کوئی پتہ نہیں چل رہا۔ عدالت نے پولیس کو دونوں بچوں کا سراغ لگانے کی ہدایت دی اور تحقیقاتی افسر کو تحقیقات کی صورتحال رپورٹ پیش کرنے کو کہا۔
سونیا وہار کے رہائشی ملزم منوج کمار کو اتوار کے روز کھجوری خاص علاقے سے گرفتار کیا گیا۔ پولیس کے مطابق، کمار نے 22 اپریل کو مبینہ طور پر کسی تیز دھار چیز سے اپنی 38 سالہ بیوی پر حملہ کیا تھا۔ پولیس نے کہا، "تفتیش کے دوران کمار نے جرم قبول کر لیا اور بتایا کہ اس نے خاندانی تنازع کے بعد اپنی بیوی پر حملہ کیا۔" پولیس نے مزید کہا کہ حملے کی وجہ گھریلو جھگڑا معلوم ہوتی ہے، تاہم تفتیشی افسران تمام پہلوؤں کی جانچ کر رہے ہیں۔