نئی دہلی: دہلی کی ایک عدالت نے ہریانہ کے شکوہ پور میں زمین کے سودے سے متعلق منی لانڈرنگ کیس میں کاروباری شخصیت رابرٹ واڈرا کے خلاف انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی جانب سے دائر چارج شیٹ کا بدھ کے روز نوٹس لے لیا۔
خصوصی جج سوشانت چنگوترا نے واڈرا اور کیس کے دیگر ملزمان کو 16 مئی کو عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت دی ہے۔ ای ڈی نے کانگریس کی رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی واڈرا کے شوہر رابرٹ واڈرا کے خلاف گزشتہ سال جولائی میں چارج شیٹ دائر کی تھی۔ یہ پہلا موقع تھا جب کسی تفتیشی ایجنسی نے ان کے خلاف فوجداری مقدمے میں چارج شیٹ داخل کی۔
اپریل 2025 میں ای ڈی نے رابرٹ واڈرا سے مسلسل تین دن تک پوچھ گچھ بھی کی تھی۔ یہ تحقیقات ہریانہ کے گڑگاؤں ضلع کے مانیسر-شیکو پور (موجودہ سیکٹر 83) میں زمین کے ایک سودے سے متعلق ہیں۔ یہ معاہدہ فروری 2008 میں اسکائی لائٹ ہاسپیٹیلٹی پرائیویٹ لمیٹڈ نامی کمپنی نے کیا تھا، جس کے ڈائریکٹر پہلے واڈرا تھے۔ اس معاہدے کے تحت کمپنی نے شیکو پور میں اوماکاریشور پراپرٹیز سے 3.5 ایکڑ زمین 7.5 کروڑ روپے میں خریدی تھی۔
بعد ازاں ستمبر 2012 میں یہی زمین رئیل اسٹیٹ کمپنی ڈی ایل ایف کو 58 کروڑ روپے میں فروخت کر دی گئی۔ اکتوبر 2012 میں یہ معاملہ اس وقت تنازع کا شکار ہوا جب اس وقت کے آئی اے ایس افسر اشوک کھیمکا نے اس لین دین کو قواعد کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے منسوخ کر دیا۔
واڈرا نے کسی بھی بے ضابطگی سے انکار کرتے ہوئے اس کیس کو اپنے اور اپنے خاندان کے خلاف ’’سیاسی انتقام‘‘ قرار دیا ہے۔ ای ڈی ان سے متعلق دو دیگر معاملات کی بھی تحقیقات کر رہی ہے، جن میں برطانیہ میں مقیم اسلحہ مشیر سنجے بھنڈاری سے متعلق کیس اور راجستھان کے بیکانیر میں زمین کا ایک اور سودا شامل ہے۔