عدالت نے الفلاح یونیورسٹی کے بانی جواد صدیقی کو 14 روزہ ریمانڈ پر بھیجا

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 01-12-2025
عدالت نے الفلاح یونیورسٹی کے بانی جواد صدیقی کو 14 روزہ ریمانڈ پر بھیجا
عدالت نے الفلاح یونیورسٹی کے بانی جواد صدیقی کو 14 روزہ ریمانڈ پر بھیجا

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
قومی دارالحکومت کی ایک عدالت نے دہشت گردی سے متعلق منی لانڈرنگ کے ایک معاملے میں الفلاح یونیورسٹی کے بانی جواد احمد صدیقی کو پیر کے روز 14 دن کی عدالتی حراست میں بھیج دیا۔ صدیقی کو 19 نومبر کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی 13 دن کی حراست میں بھیجا گیا تھا۔
پیر کو صدیقی کو ایڈیشنل سیشن جج شیتل چودھری پرادھان کے سامنے پیش کیا گیا، جنہوں نے انہیں 15 دسمبر تک عدالتی حراست میں بھیجنے کا حکم دیا۔ سماعت کے دوران ای ڈی کے وکیل نے دلیل دی کہ ابھی انہیں عدالت میں پیش کرنا قبل از وقت ہوگا، کیونکہ ان کی 13 دن کی حراست پیر کی رات ایک بجے ختم ہونی ہے، جس کے مطابق تکنیکی طور پر پیر ان کی حراست کا صرف بارہواں دن بنتا ہے۔
اسی دوران صدیقی کے وکیل نے ایک درخواست دی، جس میں اپنے موکل کو چشمہ فراہم کرنے اور ڈاکٹر کی ہدایت کے مطابق دوا دینے کی اجازت مانگی گئی۔ جج نے اس درخواست کو منظور کر لیا۔ ای ڈی کے افسران نے صدیقی کی میڈیکل پرچی عدالت کے حوالے کی، جس کے بعد عدالت نے جیل حکام کو ہدایت دی کہ انہیں ڈاکٹر کے مشورے کے مطابق علاج مہیا کرایا جائے۔
ایجنسی نے پہلے یہ الزام لگایا تھا کہ الفلاح یونیورسٹی نے یونیورسٹی گرانٹ کمیشن (یو جی سی ) سے منظوری کا جھوٹا دعویٰ کیا اور طلبہ کو این اے اے سی منظوری کی حیثیت کے بارے میں گمراہ کیا۔
ایجنسی نے کہا تھا کہ اس ادارے نے 2018 سے 2025 کے درمیان 415.10 کروڑ روپے کی آمدنی حاصل کی اور اس کے مالی ریکارڈ ادارے کی جائیداد اور اثاثوں سے مطابقت نہیں رکھتے۔ آمدنی میں ‘‘غیر معمولی اضافہ’’ دیکھا گیا۔ ای ڈی نے عدالت کو بتایا کہ طلبہ سے لی گئی فیس اور عوام سے جمع کیا گیا پیسہ ذاتی اور نجی استعمال کے لیے ہیر پھیر کیا جا رہا تھا، اور صدیقی کا الفلاح چیریٹیبل ٹرسٹ، منیجنگ ٹرسٹی اور متعلقہ اداروں پر اصل کنٹرول تھا۔
افسران نے بتایا کہ ان کی گرفتاری کے دن دہلی–این سی آر میں 19 مقامات پر کی گئی چھاپہ ماری میں تقریباً 48 لاکھ روپے نقد برآمد ہوئے۔
صدیقی کی عدالتی حراست پوری ہونے پر اس معاملے کی اگلی سماعت 15 دسمبر کو ہوگی۔