درگاہوں اور مذہبی مقامات کے تعلق سے کورٹ کا اہم تبصرہ

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 28-04-2026
درگاہوں اور مذہبی مقامات کے تعلق سے کورٹ کا اہم تبصرہ
درگاہوں اور مذہبی مقامات کے تعلق سے کورٹ کا اہم تبصرہ

 



نئی دہلی: سپریم کورٹ آف انڈیا نے منگل کے روز کہا کہ کسی بھی مذہبی ادارے کے انتظام کا یہ مطلب نہیں ہے کہ اس کے کام کاج کے لیے کوئی ڈھانچہ نہ ہو، اور انتظامی معاملات میں افراتفری کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ عدالت نے واضح کیا کہ ایسے اداروں کے لیے ایک باقاعدہ نظام اور قواعد و ضوابط ہونا ضروری ہیں۔ نو رکنی آئینی بنچ، جس کی سربراہی چیف جسٹس سوریہ کانت کر رہے تھے، یہ ریمارکس شبرمالا مندر سمیت مختلف مذہبی مقامات پر خواتین کے ساتھ امتیازی سلوک اور مذہبی آزادی کے دائرہ کار سے متعلق درخواستوں کی سماعت کے دوران دیے۔

بنچ میں جسٹس بی وی ناگرتنا، جسٹس ایم ایم سندریش، جسٹس احسن الدین امان اللہ، جسٹس اروند کمار، جسٹس آگسٹین جارج مسیح، جسٹس پرسنّا بی ورالے، جسٹس آر مہادیون اور جسٹس جوی مالیا باغچی بھی شامل تھے۔ جسٹس احسن الدین امان اللہ نے کہا کہ انتظامی اختیار کا مطلب یہ نہیں کہ کوئی ڈھانچہ ہی نہ ہو، بلکہ ہر چیز کے لیے ایک نظام ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا، افراتفری نہیں ہو سکتی۔

چاہے درگاہ ہو یا مندر، ہر ادارے کے کچھ اصول، مذہبی رسومات کا ایک طریقہ کار اور کام انجام دینے کا ایک منظم سلسلہ ہوتا ہے، جسے کسی نہ کسی کو منظم کرنا ضروری ہے۔ سماعت کے دوران حضرت خواجہ نظام الدین اولیاء کی درگاہ سے وابستہ چشتی نظامی روایت کے نمائندے پیرزادہ سید التمش نظامی کی جانب سے پیش وکیل نظام پاشا نے مؤقف اختیار کیا کہ درگاہ وہ مقام ہوتا ہے جہاں کسی بزرگ کو دفن کیا گیا ہو۔

انہوں نے کہا کہ اسلام میں اولیاء کے مقام کے بارے میں مختلف آراء پائی جاتی ہیں، تاہم صوفی روایت میں اس جگہ کو خاص عقیدت حاصل ہوتی ہے جہاں کسی بزرگ کو دفن کیا گیا ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان میں صوفی سلسلوں میں چشتیہ، قادریہ، نقشبندیہ اور سہروردیہ شامل ہیں، اور موجودہ معاملہ چشتیہ نظام سے متعلق ہے، جسے ایک مذہبی فرقہ تصور کیا جانا چاہیے۔

وکیل نے دلیل دی کہ کسی مذہبی ادارے میں داخلے کو منظم کرنا بھی انتظامیہ کے اختیارات میں شامل ہے۔ اس پر عدالت نے کہا کہ اگرچہ ضابطہ بندی ضروری ہے، لیکن یہ آئینی حدود سے تجاوز نہیں کر سکتی اور وسیع آئینی اصولوں کے تحت کسی قسم کا امتیاز قابل قبول نہیں۔ عدالت نے مزید کہا کہ ہر ادارے کے لیے قواعد ہونے چاہئیں اور یہ ممکن نہیں کہ ہر فرد اپنی مرضی کے مطابق نظام چلائے۔ اس کیس کی سماعت جاری ہے۔

اس سے قبل بھی سپریم کورٹ آف انڈیا نے کہا تھا کہ کسی مذہبی روایت کو ضروری یا غیر ضروری قرار دینے کے لیے معیار طے کرنا عدالتی فورم کے لیے نہایت مشکل کام ہے۔ یاد رہے کہ ستمبر 2018 میں پانچ رکنی آئینی بنچ نے 4-1 کی اکثریت سے فیصلہ دیتے ہوئے شبرمالا مندر میں 10 سے 50 سال کی عمر کی خواتین کے داخلے پر عائد پابندی کو ختم کر دیا تھا اور اس صدیوں پرانی روایت کو غیر قانونی اور غیر آئینی قرار دیا تھا۔