شبری مالا میں مورتی چھونے کے تعلق سے کورٹ کا اہم تبصرہ

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 21-04-2026
شبری مالا میں مورتی چھونے کے تعلق سے کورٹ کا اہم تبصرہ
شبری مالا میں مورتی چھونے کے تعلق سے کورٹ کا اہم تبصرہ

 



نئی دہلی: سپریم کورٹ نے منگل کے روز شبری ایّاپا مندر کے مرکزی پجاری سے سوال کیا کہ کیا آئین اُس عقیدت مند کی حفاظت نہیں کرے گا جسے مورتی کو چھونے کی اجازت نہیں ہے۔ عدالتِ عظمیٰ کی یہ ریمارک اُس وقت آیا جب مرکزی پجاری نے کہا تھا کہ جب کوئی عقیدت مند عبادت کے لیے مندر آتا ہے تو یہ کسی دیوتا کی خصوصیات کے خلاف نہیں ہو سکتا۔

نو ججوں پر مشتمل آئینی بینچ شبری مندر سمیت مذہبی مقامات پر خواتین کے ساتھ امتیاز اور مختلف عقائد رکھنے والے افراد کے مذہبی آزادی کے دائرہ کار سے متعلق درخواستوں کی سماعت کر رہی ہے۔ بینچ میں چیف جسٹس سوریہ کانت اور جسٹس بی وی ناگارتھنا، جسٹس ایم ایم سندریش، جسٹس احسن الدین امان اللہ، جسٹس اروند کمار، جسٹس آگسٹین جارج مسیح، جسٹس پرسنّا بی ورالے، جسٹس آر مہادیون اور جسٹس جوی مالیا باگچی شامل ہیں۔

تنتری کی جانب سے پیش سینئر وکیل وی۔ گری نے کہا کہ کسی بھی مندر میں ہونے والی رسومات اور تقاریب کی نوعیت مذہب کا لازمی حصہ ہے اور اس لیے یہ ایک مذہبی عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی روایات کا جاری رہنا، جو ضروری مذہبی عمل کا حصہ ہیں، عبادت کے حق میں شامل ہوگا جو ہر عقیدت مند کا حق ہے۔

گری نے کہا، “جب کوئی شخص عبادت کے لیے مندر جاتا ہے تو وہ دیوتا کی صفات کے خلاف نہیں جا سکتا، کیونکہ اس کا مقصد ہی عبادت ہوتا ہے۔ عقیدت مند دیوتا کی الوہی صفات کے آگے سر تسلیم خم کرتا ہے۔” جسٹس امان اللہ نے سوال کیا، “جب میں مندر جاتا ہوں تو میرا بنیادی عقیدہ یہ ہوتا ہے کہ وہ خدا ہے، میرا خالق ہے، اس نے مجھے بنایا ہے، ٹھیک ہے؟” انہوں نے کہا، “میں وہاں مکمل عقیدت کے ساتھ جاتا ہوں۔ اور وہاں مجھے کہا جائے کہ پیدائش یا کسی مخصوص حالت کی وجہ سے آپ مورتی کو چھو نہیں سکتے۔

کیا آئین میری مدد نہیں کرے گا؟” انہوں نے مزید کہا کہ خالق اور مخلوق کے درمیان کوئی فرق نہیں ہونا چاہیے۔ اس پر وکیل نے کہا کہ اگر کسی کے پجاری بننے پر مکمل پابندی ہو تو اس کا حل آئین کے آرٹیکل 25(2)(ب) کے تحت قانون سازی یا ریاستی مداخلت کے ذریعے نکالا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی شخص کو پیدائش کی بنیاد پر پجاری بننے سے روکا جائے تو اس مسئلے کا حل قانون یا ریاستی اقدام کے ذریعے ہونا چاہیے۔ کیس کی سماعت جاری ہے۔