جنتر منتر پولیس کاروائی پر فوری سماعت سے کورٹ کا انکار

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 22-07-2026
جنتر منتر پولیس کاروائی پر فوری سماعت سے کورٹ کا انکار
جنتر منتر پولیس کاروائی پر فوری سماعت سے کورٹ کا انکار

 



نئی دہلی: بھارت کی سپریم کورٹ نے دہلی میں کاکروچ جنتا پارٹی (کاجپا) کی قیادت میں نکالے گئے مارچ کے دوران طلبہ کے خلاف پولیس کارروائی کو چیلنج کرنے والی درخواست پر فوری سماعت سے بدھ کو انکار کر دیا۔ چیف جسٹس سوریہ کانت، جسٹس جوئے مالیا باگچی اور جسٹس وی موہنا پر مشتمل بنچ کے سامنے اس معاملے کا ذکر کیا گیا۔

درخواست گزار کے وکیل نے کہا، ’’میرے پاس پولیس کی مبینہ زیادتی کی ویڈیوز بھی موجود ہیں۔ اگر اس معاملے کو کل (جمعرات) کے لیے درج کر دیا جائے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ احتجاج کے دوران طلبہ کے ساتھ پولیس نے مبینہ طور پر سخت کارروائی کی اور درخواست میں تین مطالبات کیے گئے ہیں۔

چیف جسٹس نے فوری سماعت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ اس مرحلے پر عدالت ویڈیوز دیکھنے میں دلچسپی نہیں رکھتی۔ انہوں نے کہا، ’’ہمیں ویڈیوز میں کوئی دلچسپی نہیں۔ ہمارے پاس انہیں دیکھنے کا وقت نہیں ہے، ہم ویڈیوز نہیں دیکھنا چاہتے۔‘‘

جب وکیل نے دوبارہ طلبہ پر تشدد اور ویڈیوز کا حوالہ دیا تو چیف جسٹس نے کہا، ’’ہمارا وقت ضائع نہ کریں، ہم کوئی ویڈیو نہیں دیکھنا چاہتے۔‘‘ یہ درخواست پیر کے روز پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کے پہلے دن کاکروچ جنتا پارٹی (کاجپا) کے پارلیمنٹ مارچ کے دوران ہونے والی پولیس کارروائی سے متعلق ہے۔

اس روز ہزاروں طلبہ اور نوجوان مظاہرین مبینہ امتحانی بے ضابطگیوں کے خلاف مرکزی وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے وسطی دہلی میں جمع ہوئے تھے۔ احتجاج کے دوران مظاہرین اور سکیورٹی اہلکاروں کے درمیان جھڑپ ہوئی۔ پارلیمنٹ کی جانب بڑھنے والی بھیڑ کو منتشر کرنے کے لیے سکیورٹی فورسز نے لاٹھی چارج کیا اور آنسو گیس کے گولے بھی داغے۔