نئی دہلی: دہلی کی تہاڑ جیل میں دہشت گرد افضل گورو اور مقبول بٹ کی قبروں کو ہٹانے کے مطالبے پر دائر ایک عرضی پر دہلی ہائی کورٹ نے سماعت سے انکار کر دیا۔ یہ عرضی ’’وشو ویدک سناتن سنگھ‘‘ نامی تنظیم کی جانب سے دائر کی گئی تھی، جس میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ دونوں کی قبروں کو ہندوستان کی مقدس سرزمین سے ہٹا کر کسی خفیہ مقام پر منتقل کر دیا جائے۔
عدالت کے انکار کے بعد عرضی گزار نے اپنی عرضی واپس لے لی۔ چیف جسٹس دیویندر کمار اُپادھیائے اور جسٹس تُشار راؤ کی بنچ نے عرضی گزار سے سوال کیا کہ تہاڑ جیل میں یہ قبریں ہونے سے آپ کے کون سے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہو رہی ہے؟ اور کس قانون کا الٹ گھٹ ہو رہا ہے؟ عدالت نے صاف کہا کہ آپ کی خواہش کے مطابق کسی بھی عوامی مفاد کی عرضی پر سماعت نہیں ہو سکتی۔
عرضی گزار کے وکیل نے عدالت میں کہا: "یہ بات عوامی ڈومین میں ہے کہ ان کی کمیونٹی کے کچھ لوگ باہر جرائم کرتے ہیں، جب جیل آتے ہیں تو ان دونوں قبروں پر خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ یہ دہشت گردوں کی عظمت بیان کرنے جیسا ہے۔" عدالت نے اس دلیل پر اعتراض ظاہر کیا اور کہا کہ ہم پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ اپنی دلیل کو قانونی پہلوؤں تک محدود رکھیں۔ ہمیں بتائیے کہ آپ کے کون سے بنیادی یا آئینی حقوق کی خلاف ورزی ہوئی ہے؟
وکیل نے کہا کہ ایسا کوئی قانون نہیں ہے جو اس بات کی اجازت دیتا ہو کہ کسی مجرم کو، جسے پھانسی کی سزا دی گئی ہو، جیل میں دفنایا جائے۔ دہلی ہائی کورٹ نے کہا: "آپ بنیادی طور پر جیل میں دفنانے کے خلاف ہیں۔ یہ 2013 میں ہوا تھا اور ہم 2025 میں ہیں۔ کسی کے آخری رسومات کا احترام ہونا چاہیے۔ حکومت نے تمام پہلوؤں کو دیکھتے ہوئے جیل میں دفنانے کا فیصلہ کیا۔ کیا ہم 12 سال بعد اسے چیلنج کر سکتے ہیں؟"
عدالت نے مزید کہا کہ قبر حکام کی منظوری سے بنائی گئی ہے۔ جیل کوئی عوامی مقام نہیں ہے بلکہ یہ ریاست کی ملکیت ہے جسے مجرموں کو قید کرنے کے لیے بنایا گیا ہے۔ ہائی کورٹ میں دائر عوامی مفاد عرضی میں حکام کو ہدایت دینے کی مانگ کی گئی تھی کہ اگر ضروری ہو تو لاش کو کسی خفیہ مقام پر منتقل کیا جائے تاکہ ’’دہشت گردی کی عظمت‘‘ اور جیل کے غلط استعمال کو روکا جا سکے۔
عرضی میں الزام لگایا گیا تھا کہ افضل گورو اور مقبول بٹ کی قبروں کی موجودگی نے تہاڑ جیل کو ’’کٹر پنتھی تیرتھ استھل‘‘ میں بدل دیا ہے، جہاں انتہا پسند عناصر دہشت گردوں کے مہیمہ منڈن کے لیے جمع ہوتے ہیں۔