عدالت نے سنیل گاوسکر کے شخصی حقوق کا تحفظ کیا، قابلِ اعتراض مواد ہٹانے کا حکم

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 23-12-2025
عدالت نے سنیل گاوسکر کے شخصی حقوق کا تحفظ کیا، قابلِ اعتراض مواد ہٹانے کا حکم
عدالت نے سنیل گاوسکر کے شخصی حقوق کا تحفظ کیا، قابلِ اعتراض مواد ہٹانے کا حکم

 



نئی دہلی: دہلی ہائی کورٹ نے منگل کے روز سابق کرکٹر اور کمنٹیٹر سنیل گاوسکر کے شخصی حقوق کا تحفظ کرتے ہوئے متعدد ویب سائٹس اور آن لائن پلیٹ فارمز کو ان کی رضامندی کے بغیر تجارتی فائدے کے لیے ان کے نام یا تصاویر کے غیر قانونی استعمال سے روک دیا۔

جسٹس منمیت پریتم سنگھ اروڑا نے متعدد فریقین کو مصنوعی ذہانت اور ڈیپ فیک ٹیکنالوجی کے ذریعے گاوسکر کی شخصیت کے استعمال سے بھی منع کیا اور انٹرنیٹ پر اپ لوڈ کی گئی بعض فحش اور قابلِ اعتراض مواد کو ہٹانے کا حکم دیا۔ ہائی کورٹ نے کہا کہ قابلِ اعتراض مواد کو متعلقہ ویب سائٹس کے یو آر ایل سے 72 گھنٹوں کے اندر ہٹا دیا جانا چاہیے، اور اگر ایسا نہ کیا گیا تو متعلقہ سوشل میڈیا ’’انٹرمیڈی ایریز‘‘ کو وہ مواد حذف کرنا ہوگا۔

سوشل میڈیا ’’انٹرمیڈی ایریز‘‘ (SMI) سے مراد فیس بک، ایکس اور انسٹاگرام جیسے پلیٹ فارم ہیں جو صارفین کے آن لائن رابطے کو ممکن بناتے ہیں۔ عدالت نے معاملے کی اگلی سماعت کے لیے 22 مئی کی تاریخ مقرر کی ہے۔ ہائی کورٹ نے 12 دسمبر کو سوشل میڈیا ’’انٹرمیڈی ایریز‘‘ کو ہدایت دی تھی کہ وہ گاوسکر کی اس عرضی پر سات دن کے اندر کارروائی کریں، جس میں انہوں نے اپنے شخصی حقوق کے تحفظ کی درخواست کی تھی۔

منگل کے روز عدالت کو بتایا گیا کہ کچھ مواد ہٹا دیا گیا ہے، جبکہ بعض مواد اب بھی انٹرنیٹ پر موجود ہے۔ گاوسکر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور ای کامرس ویب سائٹس کی جانب سے ان کے نام، تصاویر اور شخصیت کے غیر مجاز استعمال کو روکنے اور اپنے شخصی حقوق کے تحفظ کے لیے دہلی ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔