کورٹ نے کمارسانو کے تشخص اور تشہیری حقوق کو محفوظ کیا

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 15-10-2025
کورٹ نے کمارسانو کے تشخص اور تشہیری حقوق کو محفوظ کیا
کورٹ نے کمارسانو کے تشخص اور تشہیری حقوق کو محفوظ کیا

 



نئی دہلی: دہلی ہائی کورٹ نے مشہور گلوکار کمار سانو کے تشخص اور تشہیری حقوق (Right to Publicity) کی حفاظت کرتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے ان کے قابل اعتراض ویڈیوز ہٹانے کا بدھ کے روز حکم دیا۔ جسٹس منمیت پریتم سنگھ اروڑا نے زبانی طور پر کہا کہ وہ کمار سانو کے حقوق کی حفاظت اور قابل اعتراض مواد کو ہٹانے کے لیے ایک تفصیلی عبوری حکم (Interim Injunction) جاری کریں گے۔

عدالت کمار سانو کی اس درخواست پر سماعت کر رہی تھی جس میں انہوں نے اپنے نام، آواز، گائیکی کے انداز اور تکنیک، گانے کے طریقے، تصویریں، خاکے، تصاویر اور دستخط سمیت ان کے تشخص اور تشہیری حقوق کے تحفظ کی درخواست کی تھی۔ گلوکار نے تیسرے فریق کے ذریعے غیر مجاز یا بغیر لائسنس کے استعمال اور تجارتی فائدہ اٹھانے کے خلاف بھی تحفظ طلب کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے عوام کو دھوکہ ہونے اور الجھن پیدا ہونے کا امکان ہے۔

سماعت کے دوران عدالت کو بتایا گیا کہ مدعا علیہان میں سے ایک کے وکیل نے کہا ہے کہ کمار سانو نے فیس بک اور انسٹاگرام پر چار پروفائلز کے بارے میں شکایت درج کروائی ہے، اور مدعی کی طرف سے فراہم کردہ 334 یو آر ایل اب دستیاب نہیں ہیں۔

وکلاء شکھا سچدیوا اور ثناء رئیس خان کے ذریعے دائر کی گئی اس مقدمہ میں یہ بھی الزام لگایا گیا کہ کمار سانو کی پرفارمنس کے دوران ان کے اخلاقی حقوق (Moral Rights) کی بھی خلاف ورزی ہوئی ہے جو انہیں کاپی رائٹ ایکٹ کے تحت حاصل ہیں۔ درخواست میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ مدعا علیہان گلوکار کے نام، آواز، مشابہت اور تشہیری حقوق کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔

حال ہی میں اداکارہ ایشوریا رائے بچن، ان کے شوہر ابھیشیک بچن، اداکار ہریتھک روشن، فلمساز کرن جوہر، تیلگو اداکار اکینینی ناگرجُن، "آرٹ آف لیونگ" کے بانی شری شری روی شنکر اور صحافی سدھیر چودھری نے بھی اپنے تشخص اور تشہیری حقوق کی حفاظت کے لیے عدالت کا رخ کیا تھا، اور عدالت نے انہیں عبوری ریلیف فراہم کی تھی۔

تشہیری حق، جسے شخصیت کا حق (Personality Right) بھی کہا جاتا ہے، کسی فرد کی شبیہ، نام یا مشابہت کے استعمال کو قابو میں رکھنے، اس کی حفاظت کرنے اور اس سے فائدہ حاصل کرنے سے متعلق حق ہے۔ کمار سانو نے ان آڈیو اور ویڈیو ریکارڈنگز کے مسئلے کو اٹھایا ہے جو ان کی بدنامی کا باعث بنتی ہیں اور انہیں "ناپسندیدہ مزاح" کا موضوع بناتی ہیں، جس سے ان کے اخلاقی حقوق کی خلاف ورزی ہوتی ہے۔

انہوں نے یہ بھی مسئلہ اٹھایا ہے کہ ان کی آواز، گائیکی کی تکنیک اور انداز، اور چہرے کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کر کے مصنوعی ذہانت (AI) کا استعمال کرتے ہوئے تیار کردہ مواد بھی ان کے حقوق کی خلاف ورزی کرتا ہے۔