نئی دہلی۔ دہلی کی ایک عدالت نے پیر کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے آئی آر سی ٹی سی گھوٹالہ معاملے میں لالو پرساد یادو اور دیگر افراد کے خلاف الزامات طے کرنے سے متعلق اپنا فیصلہ مؤخر کر دیا۔ خصوصی جج وشال گگنے نے معاملے کی سماعت 10 ستمبر تک ملتوی کر دی۔
راؤز ایونیو عدالت سے دوارکا ضلع عدالت میں ایڈیشنل پرنسپل جج، فیملی کورٹ کے طور پر منتقل کیے گئے جج کے ’کورٹ اسٹاف‘ نے بتایا کہ معاملے کی سماعت ملتوی کر دی گئی ہے۔ گزشتہ سال 13 اکتوبر کو آئی آر سی ٹی سی گھوٹالے سے متعلق سی بی آئی کے ایک معاملے میں عدالت نے یادو، ان کی اہلیہ رابڑی دیوی، بیٹے تیجسوی پرساد یادو اور 11 دیگر افراد کے خلاف دھوکہ دہی، مجرمانہ سازش اور انسداد بدعنوانی قانون کی مختلف دفعات کے تحت الزامات طے کیے تھے۔
یہ معاملہ اس وقت کا ہے جب لالو پرساد یادو ریلوے کے وزیر تھے۔ الزام ہے کہ ان کے دور میں انڈین ریلوے کیٹرنگ اینڈ ٹورزم کارپوریشن لمیٹڈ (آئی آر سی ٹی سی) کے دو ہوٹلوں کے آپریشن کا ٹھیکہ ایک نجی کمپنی کو دینے میں بے ضابطگیاں کی گئی تھیں۔