نئی دہلی: دہلی ہائی کورٹ نے جمعرات کو بالی ووڈ اداکار اجے دیوگن کے شخصی حقوق کی حفاظت کرتے ہوئے متعدد ویب سائٹس اور آن لائن پلیٹ فارمز کو ان کی اجازت کے بغیر ان کے نام یا تصاویر کو غیر قانونی طور پر تجارتی فائدے کے لیے استعمال کرنے سے روک دیا۔
ہائی کورٹ نے کئی مدعا علیہان کو مصنوعی ذہانت (AI) اور ’’ڈیپ فیک‘‘ ٹیکنالوجی کے ذریعے اجے عرف وِشال وِیرُو دیوگن کی شخصیت سے متعلق خصوصیات کا استعمال کرنے سے بھی منع کیا، اور انٹرنیٹ پر اپ لوڈ کی گئی کچھ فحش نوعیت کی مواد کو ہٹانے کا حکم دیا۔ جسٹس منمیت پریتم سنگھ اروڑا نے کہا کہ وہ اس معاملے میں تفصیلی عبوری حکم جاری کریں گی۔
اداکار کی جانب سے پیش ہونے والے وکیل پروین آنند نے کہا کہ مدعا علیہان تجارتی سامان تیار کرنے میں مصروف تھے، جن میں ٹوکریاں، اسٹیکرز اور پوسٹر شامل تھے۔ وہ دیوگن کی نقالی کر رہے تھے اور ان کی دیگر مشہور شخصیات کے ساتھ ناگوار دکھائی دینے والی تصاویر بنا رہے تھے۔
سماعت کے دوران عدالت نے مدعی کے وکیل سے پوچھا کہ کیا انہوں نے یوٹیوب پر اداکار کے خلاف نامناسب مواد کے سلسلے میں مدعا علیہ یوٹیوب اور گوگل کے سامنے کوئی اعتراض درج کرایا ہے؟ وکیل کی جانب سے نفی میں جواب ملنے پر جج نے کہا کہ وہ اپنے حکم میں یہ تبصرہ شامل کریں گی کہ آئندہ تمام مدعی عدالت کا رخ کرنے سے پہلے سوشل میڈیا درمیانی اداروں کے پاس اپنا اعتراض درج کرائیں گے۔
عدالت نے یہ بھی کہا کہ وہ فحش اور قابلِ اعتراض مواد کو ہٹانے کا حکم دے گی، لیکن جو تصاویر صرف نقل پر مبنی ہیں، انہیں متعلقہ فریقین کو سنے بغیر اس مرحلے پر ہٹانے کا حکم نہیں دیا جا سکتا۔ عدالت نے اس مقدمے میں کئی مدعا علیہان کو سمن بھی جاری کیے۔
عدالت اداکار دیوگن کی اُس درخواست پر سماعت کر رہی تھی، جس میں انہوں نے اپنے شخصی حقوق کے تحفظ اور آن لائن پلیٹ فارمز کو ان کے نام، تصاویر اور AI سے تیار کردہ نامناسب اور واضح جنسی مواد کے غیر قانونی استعمال سے روکنے کی اپیل کی ہے۔
حال ہی میں، بالی ووڈ اداکارہ ایشوریا رائے بچن، ان کے شوہر ابھیشیک بچن، ان کی والدہ جیا بچن، ریتک روشن، فلم ساز کرن جوہر، گلوکار کمار سانو، تیلگو اداکار اکی نینی ناگار جُن، ’’آرٹ آف لیونگ‘‘ کے بانی روی شنکر، صحافی سدھیر چودھری اور پوڈکاسٹر راج شمّنی نے بھی اپنے شخصی اور تشہیری حقوق کے تحفظ کے لیے ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا تھا۔ عدالت نے انہیں عبوری راحت فراہم کی۔