کلیانی (مغربی بنگال): مغربی بنگال کے ندیہ ضلع کی ایک عدالت نے مبینہ اشتعال انگیز تقریر کے معاملے میں عدالت میں پیش ہونے کے حکم کی تعمیل نہ کرنے پر بدھ کے روز ترنمول کانگریس کی رکن پارلیمنٹ مہوا موئترا کے خلاف گرفتاری وارنٹ جاری کر دیا۔ کرشن نگر کی عدالت نے موئترا کے خلاف جاری گرفتاری وارنٹ کی تعمیل سے متعلق رپورٹ 28 اگست کو عدالت میں پیش کرنے کی بھی ہدایت دی۔
موئترا کے خلاف خواتین کی توہین کرنے اور نفرت انگیز تقریر کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ اس معاملے میں عدالت نے انہیں سمن بھی جاری کیے تھے۔ جوڈیشل مجسٹریٹ نے کہا کہ بار بار سمن جاری کیے جانے کے باوجود موئترا عدالت میں پیش نہیں ہوئیں۔ اس کے بعد عدالت نے ان کے خلاف گرفتاری وارنٹ جاری کرنے کا حکم دیا۔ جج نے منگل کے روز موئترا کو بدھ کو عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت دی تھی، لیکن وہ عدالت میں حاضر نہیں ہوئیں۔
عدالت نے اپنے حکم میں کہا، ’’اس عدالت کے احکامات کی مسلسل خلاف ورزی سے ملزمہ کا عدالت کی ہدایات پر عمل کرنے کے تئیں لاپرواہ رویہ ظاہر ہوتا ہے۔ ایسی صورتحال میں عدالت کے پاس ان کے خلاف گرفتاری وارنٹ جاری کرنے کے علاوہ کوئی اور راستہ نہیں ہے۔
‘‘ جج نے اپنے حکم میں کہا کہ موئترا کی جانب سے عدالت میں پیش ہونے والے وکیل نے بتایا کہ وہ عدالت میں حاضر نہیں ہوں گی۔ عدالت نے کہا کہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ موئترا کی نظر میں ’’عدالت کے تئیں کوئی احترام‘‘ نہیں ہے۔ دوسری جانب، موئترا کے وکیل نے عدالت میں خدشہ ظاہر کیا کہ اگر ترنمول کانگریس کی رکن پارلیمنٹ عدالت میں پیش ہونے کے لیے آتی ہیں تو ان کے ساتھ بدسلوکی کی جا سکتی ہے۔