کورٹ نے درخواست گزار پر پانچ لاکھ روپے جرمانہ کرنے کو چیلنج کرنے والی عرضی مسترد کر دی

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 19-01-2026
کورٹ نے درخواست گزار پر پانچ لاکھ روپے جرمانہ کرنے کو چیلنج کرنے والی عرضی مسترد کر دی
کورٹ نے درخواست گزار پر پانچ لاکھ روپے جرمانہ کرنے کو چیلنج کرنے والی عرضی مسترد کر دی

 



نئی دہلی: سپریم کورٹ نے پیر کے روز لکھنؤ کے ایک وکیل کی وہ عرضی مسترد کر دی جس میں اس نے الزام لگایا تھا کہ اکتوبر 2023 میں ایک بے بنیاد مفادِ عامہ کی عرضی (پی آئی ایل) دائر کرنے پر کھلی عدالت میں اس پر 25 ہزار روپے جرمانہ عائد کرنے کا حکم دیا گیا تھا، لیکن بعد میں اس پر پانچ لاکھ روپے جرمانہ لگا دیا گیا۔

اس وقت کے چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ (جو اب ریٹائر ہو چکے ہیں) کی سربراہی والی بنچ نے 13 اکتوبر 2023 کو وکیل اشوک پانڈے کی جانب سے دائر کی گئی پی آئی ایل کو خارج کر دیا تھا۔ اس عرضی میں یہ ہدایت دینے کی درخواست کی گئی تھی کہ جسٹس دیویندر کمار اپادھیائے کو بمبئی ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے طور پر دوبارہ حلف دلایا جائے، کیونکہ آئین کے تحت مقررہ طریقے سے حلف نہیں لیا گیا تھا۔

جسٹس اپادھیائے اس وقت دہلی ہائی کورٹ کے چیف جسٹس ہیں۔ پانڈے کے مطابق بنچ نے کھلی عدالت میں بے بنیاد پی آئی ایل دائر کرنے پر ان پر 25 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا تھا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بعد میں تحریری حکم میں جرمانے کی رقم پانچ لاکھ روپے درج کی گئی اور اب کلکٹر اس رقم کی وصولی کے لیے ان کے خلاف کارروائی کی تجویز دے رہے ہیں۔

چیف جسٹس آف انڈیا جسٹس سوریاکانت، جسٹس دیپانکر دتہ اور جسٹس جوی مالیا باگچی پر مشتمل بنچ نے 2023 کے حکم میں ترمیم اور معاملے کی جانچ سے متعلق پانڈے کی نئی عرضی کو مسترد کرتے ہوئے کہا، ہم حکم کی تعمیل کریں گے اور اس میں پانچ لاکھ روپے کا ذکر ہے۔ چیف جسٹس نے مزید کہا، یہ تمام عرضیاں محض مقبولیت حاصل کرنے کے مقصد سے دائر کی گئی ہیں۔