ممبئی: بمبئی ہائی کورٹ نے بدھ کے روز اکشے کمار اور ارشد وارثی کی فلم ’’جولی ایل ایل بی 3‘‘ کے خلاف دائر ایک درخواست کو خارج کر دیا، جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ اس فلم میں ججوں اور وکیلوں کا مذاق اُڑایا گیا ہے۔ ہائی کورٹ نے کہا کہ عدالت اس طرح کے مذاق کی عادی ہو چکی ہے۔
عدالت نے کہا، ’’ہماری فکر مت کیجیے۔‘‘ وکیل چندرکانت گائکواڑ کے ذریعے ’ایسوسی ایشن فار ایڈنگ جسٹس‘ کی طرف سے دائر درخواست میں فلم کی ریلیز پر پابندی لگانے اور ’بھائی وکیل ہے‘ گانے کو ہٹانے کی مانگ کی گئی تھی، جس کے بارے میں دعویٰ کیا گیا کہ یہ قانونی پیشے کے لیے توہین آمیز ہے۔
درخواست گزار کے وکیل دیپیش سیرویا نے کہا کہ فلم اور گانے میں نہ صرف وکیلوں کا بلکہ ججوں کا بھی مذاق اُڑایا گیا ہے، کیونکہ ایک منظر میں ججوں کو ’’مامو‘‘ کہا گیا ہے، جو عدلیہ کے لیے ایک توہین آمیز لفظ ہے۔ اس پر چیف جسٹس شری چندرشیکھر اور جسٹس گوتَم انکھڈ کی بنچ نے کہا کہ انہیں اس کی کوئی فکر نہیں ہے۔
عدالت نے درخواست خارج کرتے ہوئے کہا، ’’پہلے دن سے ہی ہمارا مذاق اُڑایا جا رہا ہے۔ ہماری فکر مت کیجیے۔‘‘ فلم سازوں نے بنچ کو بتایا کہ فلم کے خلاف اسی طرح کی ایک درخواست الہ آباد ہائی کورٹ میں بھی دائر کی گئی تھی، جسے خارج کر دیا گیا تھا۔ یہ فلم 19 ستمبر کو ریلیز ہونے والی ہے۔