نئی دہلی: ملزم کرسچن مشیل جیمز کی جیل سے رہائی کی درخواست دہلی کی راؤز ایونیو عدالت نے مسترد کر دی ہے۔ عدالت نے کہا کہ ملزم پر تعزیراتِ ہند (آئی پی سی) کی دفعہ 467 کے تحت جرم کا الزام ہے، جس کے لیے عمر قید کی سزا ہو سکتی ہے۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ چونکہ دفعہ 467 کے تحت سزا عمر قید تک ہو سکتی ہے، اس لیے یہ نہیں کہا جا سکتا کہ کرسچن مشیل جیمز نے اپنے مبینہ جرائم کے لیے زیادہ سے زیادہ سزا کا عرصہ کاٹ لیا ہے۔ عدالت نے مزید کہا کہ یہ فیصلہ کہ دفعہ 467 کا اطلاق ہوتا ہے یا نہیں، الزامات طے کیے جانے کے مرحلے میں کیا جائے گا۔
ای ڈی (انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ) اور سی بی آئی (سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن) دونوں نے مشیل کی درخواست کی مخالفت کی۔ مشیل کا مؤقف تھا کہ جن الزامات میں اسے گرفتار کیا گیا ہے ان میں زیادہ سے زیادہ سات سال قید کی سزا مقرر ہے، اور وہ یہ مدت پہلے ہی جیل میں گزار چکا ہے۔ 18 فروری 2025 کو سپریم کورٹ نے سی بی آئی کے مقدمے میں مشیل کو ضمانت دی تھی، جب کہ بعد میں دہلی ہائی کورٹ نے ای ڈی کے مقدمے میں بھی اسے ضمانت دے دی تھی۔
اگستا ویسٹ لینڈ وی وی آئی پی ہیلی کاپٹر گھوٹالا، بھارت کے سب سے مشہور دفاعی گھوٹالوں میں سے ایک ہے۔ یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب بھارت نے اطالوی دفاعی کمپنی "فن میکانیکا" کی ذیلی کمپنی اگستا ویسٹ لینڈ سے 12 وی وی آئی پی ہیلی کاپٹروں کی خریداری پر رضامندی ظاہر کی۔
اس معاہدے کی تخمینہ لاگت تقریباً 3600 کروڑ روپے تھی۔ الزام ہے کہ اس سودے میں بھاری رشوت دی گئی، اور کمپنی کو فائدہ پہنچانے کے لیے ہیلی کاپٹروں کے تکنیکی معیار میں جان بوجھ کر تبدیلی کی گئی۔ مثلاً، کیبن کی اونچائی کو اگستا ویسٹ لینڈ ماڈل کے مطابق کیا گیا، اور سروس سیلنگ یعنی ہیلی کاپٹر کے زیادہ سے زیادہ پرواز کی بلندی کی شرط میں نرمی کی گئی۔