ملک بہت جلد دنیا کی تیسری سب سے بڑی معیشت بن جائے گا: نڈا

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 23-12-2025
ملک بہت جلد دنیا کی تیسری سب سے بڑی معیشت بن جائے گا: نڈا
ملک بہت جلد دنیا کی تیسری سب سے بڑی معیشت بن جائے گا: نڈا

 



دھار/اندور (مدھیہ پردیش): بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی صدر اور مرکزی وزیر جگت پرکاش نڈا نے ملک کی معاشی ترقی کا حوالہ دیتے ہوئے منگل کے روز کہا کہ گیارہ سال قبل جن پانچ کمزور معیشتوں میں بھارت کا شمار ہوتا تھا، آج وہ دنیا کی چوتھی سب سے بڑی معیشت بن چکا ہے۔

انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ نریندر مودی حکومت کی پالیسیوں کے باعث بھارت بہت جلد دنیا کی تیسری سب سے بڑی معیشت بن جائے گا۔ مرکزی وزیر صحت و خاندانی بہبود نڈا نے اندور سے تقریباً 65 کلومیٹر دور دھار میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) ماڈل کے تحت قائم کیے جانے والے میڈیکل کالج کے تعمیراتی کام کا سنگِ بنیاد رکھا۔

اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا، ’’گیارہ سال پہلے بھارت کی گنتی چھوئی موئی جیسی پانچ کمزور معیشتوں میں ہوتی تھی، لیکن وزیر اعظم مودی کی قیادت میں ہم دنیا کی چوتھی سب سے بڑی معیشت بن چکے ہیں۔ بہت جلد ہم دنیا کی تیسری سب سے بڑی معیشت بننے جا رہے ہیں۔‘‘

انہوں نے کہا، ’’بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے مطابق دنیا بھر میں ترقی کی رفتار سست ہے، لیکن بھارت مضبوطی کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔ عالمی بینک بھارت کی معاشی پالیسی کو امید کی روشن کرن قرار دیتا ہے۔‘‘ نڈا نے سنگِ بنیاد کی تقریب میں کہا کہ دھار میں پی پی پی ماڈل پر بننے والا یہ میڈیکل کالج اس طرز پر ملک کا پہلا ادارہ ہوگا، جس سے گاؤں گاؤں تک ڈاکٹروں کی رسائی یقینی ہو سکے گی۔

دھار ضلع مدھیہ پردیش کے ان اضلاع میں شمار ہوتا ہے جہاں قبائلی آبادی زیادہ ہے اور ایک وقت میں یہاں کانگریس کی مضبوط گرفت تھی۔ بی جے پی کے قومی صدر نے کانگریس پر اس قبائلی خطے کی ترقی کو نظر انداز کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا، ’’ہمارے قبائلی بھائیوں نے طویل عرصے تک کانگریس کو اپنا آشیرواد دیا، لیکن کیا اس پارٹی نے اس برادری کی زندگی میں تبدیلی لانے کے لیے کوئی کام کیا؟‘‘

نڈا نے کہا کہ ملک میں ادارہ جاتی زچگی (انسٹی ٹیوشنل ڈلیوری) کی شرح بڑھ کر 89 فیصد تک پہنچ گئی ہے، جس سے زچگی کے دوران ماؤں کی اموات میں نمایاں کمی آئی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ نریندر مودی حکومت صحت کی سہولیات کے ذریعے اس بات کی کوشش کر رہی ہے کہ شہری ہمیشہ تندرست رہیں اور بیمار ہی نہ پڑیں۔

نڈا ایسے وقت مدھیہ پردیش کے دورے پر تھے جب ریاست میں موہن یادو کی قیادت والی بی جے پی حکومت نے 13 دسمبر کو اپنے دو سال مکمل کیے تھے۔ بی جے پی کے قومی صدر نے مرکز اور ریاستی حکومت کی مختلف کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا، ’’ہم رپورٹ کارڈ کی ثقافت پر یقین رکھتے ہیں اور پورے اعتماد کے ساتھ کہتے ہیں کہ جو کہا تھا وہ کر کے دکھایا ہے، اور جو نہیں کہا تھا وہ بھی کر کے دکھایا ہے۔ ہم سیاست میں خدمت کے جذبے سے آئے ہیں، اقتدار سے لطف اندوز ہونے نہیں آئے۔