بدعنوانی کا خاتمہ تقریروں سے نہیں، نظام میں تبدیلی سے ہی ممکن : راج ناتھ

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 15-11-2025
بدعنوانی کا خاتمہ تقریروں سے نہیں، نظام میں تبدیلی سے ہی ممکن : راج ناتھ
بدعنوانی کا خاتمہ تقریروں سے نہیں، نظام میں تبدیلی سے ہی ممکن : راج ناتھ

 



لکھنؤ: وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ نے ملک میں بدعنوانی پر قابو پانے کا سہرا وزیراعظم نریندر مودی کو دیتے ہوئے سنیچر کو کہا کہ بدعنوانی کا خاتمہ تقریر سے نہیں بلکہ نظام میں تبدیلی لا کر اور سخت نگرانی کے ذریعے ہی ممکن ہے، اور صرف وزیراعظم نے یہ کر کے دکھایا ہے۔

اپنے پارلیمانی حلقے کے دورے پر آئے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے صدر چھاؤنی کے سنسکرت اسکول کے آڈیٹوریم میں سینئر کارکنوں اور دانشور طبقے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بدعنوانی ختم کرنے کی بات تو سبھی کرتے ہیں، لیکن اسے روکنے کے لیے حقیقی کوشش اگر کسی نے کی ہے تو وہ وزیراعظم مودی نے کی۔

بہار میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی قیادت والے قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کی زبردست جیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بہار اسمبلی انتخابات کے نتائج سے بھارتی سیاست میں بڑا بدلاؤ دیکھنے کو ملا ہے۔ کارکنوں کی محنت اور کوششوں سے بہار میں شاندار کامیابی حاصل ہوئی ہے۔

سنگھ نے کہا، بھارتیہ جنتا پارٹی دوسری پارٹیوں کی طرح ذات، فرقہ یا مذہب کی بنیاد پر سیاست نہیں کرتی۔ ہم ملک کی سلامتی، وقار، ثقافت اور ترقی کے کاموں کے لیے سیاست کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا، عوام نے دیکھا کہ بہار کی حکومت میں بدعنوانی نہیں ہے، اور اسی اعتماد کے باعث انہوں نے انہیں اقتدار سونپا۔ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ اس بار بہار میں عوام نے این ڈی اے کو بھاری اکثریت دی ہے اور یہ کامیابی 2027 میں اتر پردیش میں بھی دہرائی جائے گی۔

وزیرِ دفاع نے سابقہ حکومتوں پر نشانہ سادھتے ہوئے کہا، پہلی حکومتوں میں دی جانے والی امدادی رقم پوری طرح مستفیدین تک نہیں پہنچتی تھی، اور 100 میں سے تقریباً 85 روپے بدعنوانی کی نذر ہو جاتے تھے۔ لیکن ہماری حکومت نے فیصلہ کیا کہ بدعنوانی روکنے کے لیے ہر شخص کا بینک کھاتا کھولا جائے۔ اب 100 میں سے 100 روپے براہ راست مستحقین کے کھاتے میں جاتے ہیں۔"

راج ناتھ سنگھ نے ’آپریشن سندور‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت میں تیار کی گئی میزائل اور ہتھیاروں کی پوری دنیا میں مانگ ہے۔ انہوں نے کہا، جس برہموس میزائل نے آپریشن سندور میں کمال دکھایا، وہ ہماری لکھنؤ میں بنی ہے۔ نائب وزیر اعلیٰ برجیش پاٹھک نے چھاؤنی اسمبلی حلقے میں کیے گئے ترقیاتی کاموں کا ذکر کرتے ہوئے وزیر دفاع کا شکریہ ادا کیا۔