سفرحج پرکوروناکا سایہ،محدودہوسکتی ہے حاجیوں کی تعداد

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 10-02-2021
کعبہ معظمہ
کعبہ معظمہ

 

نئی دہلی:سعودی عرب نے 20 ممالک کے شہریوں کو 17 مئی تک ملک میں داخلے پر پابندی عائد کردی ہے۔ ان 20 ممالک میں ہندوستان بھی شامل ہے۔ ایسی صورتحال میں ، اس سال سفر کرنے والے ہندوستانی حجاج کو بھی مایوسی کا سامنا کرناپڑ ہوسکتا ہے۔ 2020 میں کورونا وائرس کے وبا کی وجہ سے عام دنوں کی طرح حج نہیں ہوپایاتھا۔ صرف مخصوص مسلمانوں نے ہی حج اداکیا تھا۔

اس بار بھی صورتحال مشکل ہے اور ایسا لگتاہے کہ سال 2021 میں بھی ،عام مسلمان ، سعودی عرب جاکر حج نہیں ادا کرسکیں گے۔واضح ہوکہ ہر سال ہندوستان ، پاکستان ، بنگلہ دیش اور انڈونیشیا سمیت دنیابھر کے مسلمان بڑی تعداد میں حج کوجاتے ہیں۔ ہر سال لگ بھگ 2 لاکھ ہندوستانی ،حج کے لئے سعودی عرب کے مکہ اورمدینہ شہروں کو جاتے ہیں۔ اس سال اب تک ، سعودی اتھارٹی کی جانب سے حجاج کے لئے کوئی فیصلہ نہیں لیا گیا ہے۔

ہندوستانی سفارت کاروں اور سعودی حکام ، عازمین حج سے متعلق گفتگو کرنے والے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اس سال حج ادا کرنے جانے والے عازمین کی تعداد میں زبردست کمی واقع ہوسکتی ہے۔ تاہم ، یہ ابھی تک واضح نہیں ہے کہ کتنے حجاج مکہ اور مدینہ منورہ جا رہے ہیں۔ حج کمیٹی کے مطابق اگر سعودی عرب، ہندوستانی عازمین حج کو اجازت دیتا ہے تو ، اس بار حجاج کرام کی تعداد میں کمی ہوگی۔ اہم بات یہ ہے کہ اس سال حج جولائی کے مہینے میں ہونے والا ہے۔