کورونا : 24 گھنٹوں کے دوران ایک بار پھر 53 ہزار سے زیادہ نئے کیسز

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 25-03-2021
ہوشیار ۔ خبردار
ہوشیار ۔ خبردار

 

 

نئی دہلی ۔ ملک میں کورونا وائرس (کووڈ- 19) کے انفیکشن کے کیسز میں تیز اضافے کے درمیان گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک بار پھر 53 ہزار سے زیادہ نئے کیسز سامنے آئے ہیں اور 251 افراد کی موت ہوگئی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 53476 نئے کیسز درج کئے گئے، جو اب تک کے سب سے زیادہ کیسز ہیں۔ اس سے قبل بدھ کے روز 47262 نئے کیسز درج کیے گئے تھے، جبکہ منگل کے روز یہ تعداد 40715، پیر کے روز 46951، اتوار کے روز 43846، ہفتہ کے روز 40953 اور جمعہ کے روز 39726 درج کی گئی۔ اس دوران کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 251 درج کی گئی ہے۔ بدھ کے روز یہ تعداد 275 پہنچ گئی تھی، منگل کے روز یہ تعداد 199 پیر کے روز 212، اتوار کے 197، ہفتے کے روز 188، جمعہ کے روز 154، جمعرات کے روز 172،بدھ کے روز 188، منگل کے روز 131 درج کی گئی تھی۔

دریں اثنا ملک میں اب تک 53145709 افراد کو کورونا کے ٹیکے لگائے جا چکے ہیں۔ مرکزی وزارت صحت کی جانب سے جمعرات کی صبح جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 53476 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، جس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ 17 لاکھ 87 ہزار 534 ہو گئی ہے۔ اس دوران 26490 مریض صحتیاب ہوئے ہیں، جس سے اب تک 11231650 مریض کورونا سے نجات پاچکے ہیں۔ فعا ل کیسز 26735 بڑھ کر 395192 ہو گئے ہیں۔ اسی دوران مزید 251 افراد کی موت ہونے سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 160692 ہوگئی ہے۔

دوسری لہر کا اثر

 ہندوستان میں کورونا وائرس نے ایک بار پھر قہر برپانا شروع کر دیا ہے۔ فروری اور مارچ کے شروع میں جہاں کورونا کیسز بہت کم ہو گئے تھے، وہیں مارچ کے آخر میں ایک بار پھر روزانہ تقریباً 50 ہزار نئے کیسز سامنے آ رہے ہیں جس سے لوگوں کی فکر بہت بڑھ گئی ہے اور یہ سوال ذہن میں گردش کرنے لگا ہے کہ کیا کورونا کی دوسری لہر ملک کو پھر سے لاک ڈاؤن کی طرف لے جائے گا۔ ابھی تک مرکزی اور ریاستی حکومتوں نے حالانکہ ایسے کسی بھی امکان سے انکار کیا ہے، لیکن ایس بی آئی (اسٹیٹ بینک آف انڈیا) نے ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ کورونا کی دوسری لہر 100 دنوں تک چل سکتی ہے۔ گویا کہ لوگوں کو مزید تین مہینے خوف کے سایہ میں زندگی گزارنے پڑ سکتے ہے۔

رپورٹ میں کیا ہے

 ایس بی آئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 23 مارچ کے رجحانات کی بنیاد پر ہندوستان میں دوسری لہر میں کورونا وائرس کے معاملوں کی کل تعداد تقریباً 25 لاکھ ہونے کی امید ہے۔ اس رپورٹ کے صفحہ نمبر 28 میں کہا گیا ہے کہ مقامی لاک ڈاؤن یا پابندیاں بے اثر ہیں اور اجتماعی ٹیکہ کاری وبا کے خلاف لڑائی جیتنے کی واحد امید ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پہلی لہر کے دوران روزانہ نئے معاملوں کے عروج تک پہنچنے کے دنوں کی تعداد کو دھیان میں رکھتے ہوئے اس بار ہندوستان میں اپریل وسط کے بعد کورونا کے معاملے عروج پر پہنچ سکتے ہیں۔