کورونا کا اثر : ملائیشیا نے عائد کی پاکستان پر سفری پابندی

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 09-05-2021
سفری پابندی کے اعلان کے بعد پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کی پرواز کو ملائیشیا جانے سے روک دیا گیا ہے
سفری پابندی کے اعلان کے بعد پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کی پرواز کو ملائیشیا جانے سے روک دیا گیا ہے

 

 

 کوالالمپور

ملائیشیا نے گذشتہ دو ہفتوں میں کووڈ کے بڑھتے ہوئے معاملات کے پیش نظر  پاکستان اور متعدد دیگر ایشیائی ممالک پر سفری پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ملائیشین امیگریشن حکام کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ پاکستان ، بنگلہ دیش ، سری لنکا اور نیپال کے شہریوں کو ہفتے کے روز سے ملائشیا جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

پابندی کی شرائط کا اعلان کرتے ہوئے ملیشیا کے سینئر وزیر اسماعیل یعقوب نے کہا کہ ان ممالک کے شہریوں پر سفری پابندی عائد کی گئی ہے جس میں طویل مدتی سماجی دورے کے پاس سمیت تمام زمرے شامل ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سفارتی پاسپورٹ رکھنے والوں اور عہدیداروں کو اس پابندی سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے ۔ میڈیا کہ مطابق سفری پابندی کے اعلان کے بعد پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کی پرواز کو ملائیشیا جانے سے روک دیا گیا ہے ۔ کورونا وائرس کی تیسری لہر کی وجہ سے پاکستان میں کوو ڈ کے کیسز اور اموات میں اضافے کا خدشہ بڑھتا جا رہا ہے ۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق کورونا وائرس سے گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان بھر میں مزید 140 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ واضح رہے پاکستان میں تصدیق شدہ کیسوں کی کل تعداد 850،131 ہوگئی ہے۔