بھوبنیشور: ہندوستان کے چیف جسٹس بی۔آر۔ گوئی نے کہا ہے کہ ثالثی اور کھلے مکالمے اختلافات کو بات چیت کے ذریعے دور کرنے، کشیدگی کو ہم آہنگی میں بدلنے اور فریقین کے درمیان خیرسگالی بحال کرنے کے مؤثر راستے ہیں۔
بھوبنیشور میں ہفتہ کو منعقدہ دو روزہ قومی ثالثی کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صدیوں سے مختلف معاشروں میں ثالثی کا رواج رہا ہے اور ثالثی ایکٹ 2023 کے بننے کے بعد اسے قانونی حیثیت حاصل ہوئی ہے۔
چیف جسٹس نے کہا، ’’میں یہ کہنا چاہوں گا کہ ہماری سکونت اور امن اسی وقت متاثر ہوتی ہے جب ہم اختلافات یا تنازعات کو سننے، سمجھنے اور حل کرنے کی دیانت دارانہ کوشش سے انکار کرتے ہیں۔ اگر تنازع کو تعمیری انداز میں سلجھایا جائے تو یہ آگے بڑھنے کا موقع بن سکتا ہے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ یہ قانون انصاف کو شراکتی، مساوی اور قابلِ رسائی بناتا ہے اور عدالتوں میں زیر التوا مقدمات کی بڑھتی ہوئی تعداد کو کم کرنے میں بھی مددگار ہے۔ اس موقع پر گورنر ہری بابو کمبہامپتی، وزیر اعلیٰ موہن چرن ماجھی، اوڈیشہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس ہریش کمار ٹنڈن اور سپریم کورٹ کے جج جسٹس سوریہ کانت سمیت دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔
کانفرنس کا افتتاح کرتے ہوئے گورنر کمبہامپتی نے کہا کہ ثالثی صرف تنازعات کے حل کے لیے نہیں ہے بلکہ یہ اعتماد قائم کرنے، رشتوں کو بچانے اور سماجی ہم آہنگی کو فروغ دینے کا بھی ذریعہ ہے۔ گورنر نے کہا، ’’ثالثی ایک قدیم روایت ہے جو بات چیت اور اتفاقِ رائے پر مبنی ہے۔ اس سے اختلافات دور ہوتے ہیں، تعلقات بہتر ہوتے ہیں اور منصفانہ و پائیدار حل ملتا ہے۔‘‘
وزیر اعلیٰ موہن چرن ماجھی نے عدالتی اصلاحات اور متبادل تنازعہ حل کے تئیں اوڈیشہ کے عزم کو دہرایا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس ثالثی کو ہندوستانی عدالتی نظام کی بنیاد بنانے کی کوششوں کو مزید مضبوط کرے گی، جس سے قانونی عمل میں کارکردگی، شمولیت اور اعتماد یقینی ہوگا۔
جسٹس ٹنڈن نے کہا کہ اوڈیشہ نے ثالثی خدمات کے فروغ کے لیے مؤثر اقدامات کیے ہیں۔ سپریم کورٹ لیگل سروسز کمیٹی کے چیئرمین جسٹس سوریہ کانت نے کہا، ’’ہمارے بزرگ کبھی برگد کے پیڑ کے نیچے جمع ہوکر تنازعات کو سلجھاتے تھے تاکہ دوبارہ ہم آہنگی قائم ہو سکے۔ 2023 کا ثالثی ایکٹ اسی جذبے کی عکاسی کرتا ہے۔‘‘