کانپور: اتر پردیش کے کانپور میں 'آئی لو محمد' کے پوسٹر لگانے کے معاملے میں درج ایف آئی آر کے بعد تنازعہ شدت اختیار کر گیا ہے اور اب اس پر سیاست بھی شروع ہو گئی ہے۔ اس سلسلے میں اتر پردیش کی کیرانہ سیٹ سے رکن پارلیمنٹ اور سماج وادی پارٹی کی رہنما اقرا حسن نے ریاستی حکومت پر سخت حملہ کیا ہے۔
اقرا حسن نے کہا، "اتر پردیش میں موجودہ حکومت بظاہر آئین اور ملک کے شہریوں کے حقوق سے ناواقف لگتی ہے۔ ہم سمجھ نہیں پا رہے کہ یہاں کس قسم کا قانون نافذ ہے۔" رکن پارلیمنٹ نے مزید کہا، "تنقید تو سمجھی جا سکتی ہے، لیکن اگر کوئی تہوار کے دوران اپنے مذہب کے بارے میں کچھ اچھا کہےجیسے امام مہدی یا پیغمبر محمد ﷺ کی تعریف میں، جنہوں نے ہمیشہ امن اور بھائی چارے کو فروغ دیاتو پوری دنیا میں ان کے چاہنے والے موجود ہیں۔"
اقرا حسن نے کہا، "ان کے اس طرح کے احکامات اور اس قسم کی آمریت سے لوگ نہیں رکے گے۔ کوئی بھی نہیں رکے گا۔ میں یہ سمجھتی ہوں کہ حکومت کو سوچنا اور سمجھنا چاہیے کہ اگر ہر مذہب پر اسی طرح اعتراض لگنے لگے تو ہم کہاں کھڑے ہوں گے۔
سماج وادی پارٹی کی رہنما نے اس واقعے کو گھِناونی حرکت قرار دیا اور کہا، "میں اس کے خلاف ہوں، اس حکومت کا معیار دن بہ دن گرتا جا رہا ہے۔ عوام ان کو خاک میں ملا دیں گے۔ واضح رہے کہ تنازعہ سب سے پہلے کانپور میں شروع ہوا اور اس کے بعد وارانسی میں 'آئی لو محمد' کے پوسٹر کے معاملے نے بھی ہنگامہ برپا کیا۔