آئین ہندوستان کا فخر ہے: صدر مرمو

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 26-11-2025
آئین ہندوستان کا فخر ہے: صدر مرمو
آئین ہندوستان کا فخر ہے: صدر مرمو

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے بدھ کے روز کہا کہ آئین ملک کی شناخت کی بنیاد ہے اور یہ نوآبادیاتی ذہنیت کو ترک کرنے اور قوم پرستانہ سوچ اپنانے کے لیے رہنمائی فراہم کرنے والی بنیادی دستاویز بھی ہے۔
 یومِ آئین کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہندوستان آج دنیا کے لیے ترقی کا ایک نیا ماڈل پیش کر رہا ہے اور عوام کی امنگوں کو پورا کرنے کے لیے کئی اہم قدم اٹھائے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا آئین قومی فخر کی دستاویز ہے۔ یہ قوم کی شناخت کی دستاویز ہے۔ یہ نوآبادیاتی ذہنیت ترک کرنے، قوم پرستانہ نظریہ اپنانے اور ملک کو آگے لے جانے کی رہنمائی کرنے والی دستاویز ہے۔ صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ اسی نظریے کے تحت ملک نے نئے فوجداری قوانین—ہندوستانی نیائے سنہِتا، ہندوستانی نگریک سرکشا سنہِتا اور ہندوستانی ساکھیا ادھینیم کو اختیار کیا ہے۔
یہ تین نئے قوانین بالترتیب نوآبادیاتی دور کے تعزیراتِ ہند، ضابطہ فوجداری اور 1872 کے قانونِ شہادت کی جگہ لے چکے ہیں۔ نئے قوانین یکم جولائی 2024 سے نافذ ہوئے۔ مرمو نے کہا کہ ملک کے آئین ساز چاہتے تھے کہ عوام کے شخصی اور جمہوری حقوق ہمیشہ محفوظ رہیں۔ جموں و کشمیر کو خصوصی درجہ دینے والے آرٹیکل 370 کی منسوخی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس دفعہ کو ہٹا کر ملک کو ایک بڑی سیاسی رکاوٹ سے نجات دلائی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک دہائی میں ہماری پارلیمنٹ نے عوام کی امنگوں کو پورا کرنے کے لیے کئی اہم قدم اٹھائے ہیں۔ صدرِ جمہوریہ نے تین طلاق پر پابندی اور جی ایس ٹی نظام کی شروعات کو بالترتیب خواتین کی مضبوطی اور مالیاتی بااختیاری کے لیے دو انتہائی اہم اقدامات قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک تیزی سے دنیا کی تیسری سب سے بڑی معیشت بننے کی طرف بڑھ رہا ہے۔ مرمو نے بتایا کہ 25 کروڑ افراد کو غربت سے باہر نکالنا ملک کی سب سے بڑی کامیابیوں میں شامل ہے اور خواتین، نوجوان، درج فہرست ذاتیں، درج فہرست قبائل، کسان، متوسط طبقہ اور نیا متوسط طبقہ ہماری جمہوری ڈھانچے کو مضبوط بنا رہے ہیں۔
صدر جمہوریہ نے نو زبانوں  ملیالم، مراٹھی، نیپالی، پنجابی، بوڈو، کشمیری، تلگو، اوڈیا اور آسامی   میں آئین کے ڈیجیٹل ورژن کا اجرا بھی کیا۔ تقریب میں صدر کی قیادت میں آئین کی تمہید کا اجتماعی پاٹھ بھی کیا گیا۔
تقریب کے دوران صدر مرمو کے علاوہ نائب صدر سی پی رادھا کرشنن، وزیر اعظم نریندر مودی، لوک سبھا اسپیکر اوم برلا،  راجیہ سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف ملکارجن کھڑگے، لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی،مرکزی وزراء جے پی نڈا اور کرن رجیجو، اور راجیہ سبھا کے نائب چیئرمین ہری ونش اسٹیج پر موجود تھے۔
اس پروگرام میں کئی مرکزی وزراء اور پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے اراکین نے شرکت کی۔