کانسٹی ٹیوشن کلب: سکریٹری کے عہدے پر راجیو پرتاپ روڈی کی جیت

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 13-08-2025
کانسٹی ٹیوشن کلب: سکریٹری کے عہدے پر راجیو پرتاپ روڈی کی جیت
کانسٹی ٹیوشن کلب: سکریٹری کے عہدے پر راجیو پرتاپ روڈی کی جیت

 



نئی دہلی،: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رکن پارلیمان راجیور پرتاپ روڈی نے کانسٹی ٹیوشن کلب کے سکریٹری کے عہدے پر جیت درج کی ہے کانسٹی ٹیوشن کلب کے سکریٹری کے عہدے کے لیے منگل کو ہوئے انتخاب میں 25 سال سے بلا مقابلہ اس عہدے کی ذمہ داری سنبھالنے والے راجیور پرتاپ روڈی کو اس بار انہی کی پارٹی کے سابق رکن پارلیمان سنجیو بالیان سے سخت مقابلہ کے سامنا کرنا پڑا تاہم، مسٹرراجیور پرتاپ روڈی نے کامیابی حاصل کی اور بعد میں سب کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا، ’’میں 100 سے زیادہ ووٹوں سے جیتا ہوں۔ اگر اسے 1000 سے ضرب دیا جائے تو یہ تعداد ایک لاکھ ہو جاتی ہے۔ یہ میرے پینل کی جیت ہے۔ میں شکریہ ادا کرنا چاہوں گا۔ تمام پارٹیوں کے رہنماؤں نے اس میں حصہ لیا۔‘انہوں نے کہا، ’’میرے پینل میں بی جے پی، کانگریس، سماج وادی پارٹی، ترنمول کانگریس، تیلگو دیشم پارٹی (ٹی ڈی پی) اور آزاد اراکین بھی شامل تھے۔ سب کی محنت سے یہ کامیابی ملی، اس لیے میں ان سب کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ مجھے لگتا ہے کہ میرے ساتھی ارکان پارلیمنٹ، میری ٹیم اور مجھے گزشتہ دو دہائیوں کی محنت کا پھل ملا ہے۔‘‘
بارہ سو سے زیادہ اراکین والے کانسٹی ٹیوشن کلب میں سکریٹری کے عہدے کے لیے منگل کو ووٹنگ ہوئی۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، بی جے پی صدر جے پی نڈا سمیت مرکزی وزراء اور ارکان پارلیمنٹ نے ووٹ دیا۔ اس انتخاب میں کانگریس کی سینئر رہنما سونیا گاندھی، کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے سمیت کلب کے کئی دیگر اراکین نے بھی ووٹنگ کی۔ووٹنگ کا عمل منگل کے روز صبح 11 بجے شروع ہوا اور شام 5 بجے تک جاری رہا۔ اس دوران کل 707 ووٹ ڈالے گئے، جن میں سے 38 پوسٹل بیلٹ تھے جو تمام مسٹر روڈی کے حق میں گئے۔ وہیں، 669 اراکین نے مرکز پر پہنچ کر ووٹ دیا۔ اس انتخاب میں کل 682 درست ووٹ پڑے۔ ووٹنگ مکمل ہوتے ہی ووٹوں کی گنتی شروع ہوئی۔ کلب کے عہدوں کے انتخابات میں یہ اب تک کی سب سے زیادہ ووٹنگ تھی۔
مسٹر روڈی کو کل 392 ووٹ ملے، جبکہ مسٹر بالیان کو 290 ووٹ حاصل ہوئے۔ووٹنگ کے ابتدائی مراحل میں بی جے پی کے دونوں رہنماؤں کے درمیان سخت مقابلہ نظر آیا، لیکن جیسے ہی گنتی آگے بڑھی،مسٹر راجیور پرتاپ روڈی نے اپنے مخالف بالیان پر سبقت حاصل کر لی اور آخرکار کامیابی حاصل کی۔مسٹر بالیان نے کہا کہ ’’اس کلب کی ایک تاریخ رہی ہے اور اس کی ایک عظمت ہے۔ کئی ارکان پارلیمنٹ بھی کانسٹی ٹیوشن کلب کے رکن نہیں ہیں۔ مجھے امید ہے کہ آئندہ اور زیادہ اراکین اس میں شرکت کریں گے۔‘‘