لکھنؤ / آواز دی وائس
بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی صدر مایاوتی نے جمعرات کو 130ویں آئینی ترمیمی بل کو "جمہوریت کو کمزور کرنے والا" قدم قرار دیتے ہوئے مرکزی حکومت سے اس پر دوبارہ غور کرنے کی اپیل کی۔
مایاوتی نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا كہ مرکزی حکومت کی جانب سے کل (بدھ کو) پارلیمنٹ میں بھاری ہنگامے کے دوران پیش کیا گیا 130واں آئینی ترمیمی بل، ملک میں پچھلے کچھ برسوں سے جاری سیاسی حالات میں بظاہر جمہوریت کو کمزور کرنے والا لگتا ہے اور عوام کو خدشہ ہے کہ حکمران پارٹیاں اپنے اپنے مفاد، فائدے اور عناد کی خاطر اس کا زیادہ تر غلط استعمال ہی کریں گی۔
انہوں نے کہا كہ لہٰذا اس بل سے ہماری پارٹی بالکل بھی متفق نہیں ہے۔ حکومت ملک کی جمہوریت اور آئین کے مفاد میں اس پر ضرور ازسرِ نو غور کرے۔
آئین (130ویں ترمیم) بل، 2025 میں وزیر اعظم، وزراء اور وزرائے اعلیٰ کو سنگین جرائم کے الزامات کی صورت میں عہدے سے ہٹانے کی شق رکھی گئی ہے۔ اس بل کی اپوزیشن اراکین نے سخت مخالفت کی اور مجوزہ قانون کو آئین اور وفاقیت کی روح کے خلاف قرار دیا۔