نئی دہلی، : پارلیمنٹ میں ووٹر لسٹ کی خصوصی نظرِ ثانی (ایس آئی آر) پر بحث کے سلسلے میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان پیدا ہونے والا تعطل بالآخر ختم ہوگیا۔ دونوں فریق اس بات پر متفق ہو گئے کہ آئندہ منگل اور بدھ کو لوک سبھا میں انتخابی اصلاحات پر مفصل بحث کرائی جائے گی۔ اس اتفاق رائے کے بعد امید کی جا رہی ہے کہ بدھ کے روز ایوان کی کارروائی معمول کے مطابق جاری رہ سکے گی۔
سرمائی اجلاس کے پہلے دو دنوں میں ایس آئی آر پر فوری بحث کرانے کے مطالبے پر دونوں ایوانوں میں شدید ہنگامہ ہوا، جس کے نتیجے میں اجلاس کی کارروائی مسلسل متاثر رہی۔ صورتحال کو دیکھتے ہوئے لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے آج اپوزیشن جماعتوں کے پارلیمانی لیڈروں کے ساتھ ایک میٹنگ طلب کی، جس میں بالآخر اتفاق رائے قائم ہوا۔
میٹنگ کے بعد پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے بتایا کہ پیر کے روز دوپہر 12 بجے لوک سبھا میں ’’ونده ماترم‘‘ کی 150 ویں سالگرہ کے موقع پر خصوصی پروگرام ہوگا، جبکہ منگل کو دوپہر 12 بجے انتخابی اصلاحات پر بحث منعقد کی جائے گی۔
اس سے قبل بھی، اجلاس کے دوران اپوزیشن کے مسلسل احتجاج کے باوجود مسٹر رجیجو نے ایوان میں واضح کیا تھا کہ حکومت ہر مسئلے پر بحث کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو بحث کے وقت اور ترتیب پر اصرار نہیں کرنا چاہیے، کیونکہ تمام امور اہم ہیں اور حکومت قواعد کے مطابق ہر موضوع پر بحث کے لیے آمادہ ہے، لیکن اپوزیشن فوری بحث پر بضد تھی۔