جوناگڑھ/ آواز دی وائس
کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے نے بدھ کے روز کہا کہ ان کی پارٹی کی سب سے بڑی فکر آئین اور جمہوریت کو بچانا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ اقتدار میں بیٹھے لوگ ان اداروں کے تحفظ کے لیے کام نہیں کر رہے ہیں۔ کھڑگے یہاں پارٹی کے ضلع اور شہر صدور کے لیے 10 روزہ تربیتی کیمپ کے افتتاح سے پہلے صحافیوں سے بات کر رہے تھے۔
کھڑگے نے کہا کہ جمہوریت میں انتخاب لڑنا عام بات ہے۔ ہمارا اصل مقصد آئین اور جمہوریت کا تحفظ ہے۔ گجرات وہ سرزمین ہے جہاں مہاتما گاندھی اور ولبھ بھائی پٹیل جیسے رہنما پیدا ہوئے اور ملک کو آزادی دلانے کے لیے کام کیا۔ وہ احترام کے مستحق ہیں کیونکہ انہی کی بدولت ملک آزاد اور متحد ہے۔وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ پر بالواسطہ حملہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں "ملک کے آئین کا تحفظ نہیں کرنا چاہتے اور جمہوریت کو بچانا نہیں چاہتے۔
کانگریس کے 'سنگٹھن سَرجن ابھیان' (پارٹی تنظیم کو مضبوط بنانے کی مہم) کے تحت 10 روزہ تربیتی کیمپ 10 سے 19 ستمبر تک جوناغڑھ میں منعقد کیا جا رہا ہے، جہاں پارٹی رہنما راہل گاندھی بھی موجود رہیں گے۔ اس سال گجرات میں منعقد ہونے والا یہ پارٹی کا دوسرا تربیتی کیمپ ہے۔ پہلا تربیتی کیمپ آنند میں منعقد کیا گیا تھا، جہاں مختلف شعبوں کے ماہرین نے شرکاء سے خطاب کیا تھا۔
ایسے ہی پہلے کیمپ کے تحت راہل گاندھی نے اس سال جولائی میں آنند میں پارٹی کی ضلع اکائیوں کے نئے مقرر صدور کو خطاب کیا تھا اور کوآپریٹو ڈیری یونینز کے ممبران سے گفتگو کی تھی۔ تربیتی کیمپ 2027 کے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر اور پارٹی کے 'مشن 2027' کے لیے حکمت عملی تیار کرنے کے مقصد سے منعقد کیے جا رہے ہیں۔ 2027 کے ریاستی اسمبلی انتخابات سے پہلے ضلع سطح پر پارٹی کے تنظیم کو مضبوط کرنے کے لیے کانگریس نے حال ہی میں تمام ضلع کانگریس کمیٹیوں کے نئے صدور کی تقرری کی تھی۔