کانگریس لیڈر شیخ حسین کا مودی پر تبصرہ، مقدمہ درج

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 15-06-2022
کانگریس لیڈر شیخ حسین کا مودی پر تبصرہ، مقدمہ درج
کانگریس لیڈر شیخ حسین کا مودی پر تبصرہ، مقدمہ درج

 

 

آواز دی وائس، نئی دہلی

 وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف قابل اعتراض تبصرہ کرنے پر مہاراشٹر کانگریس کے لیڈر شیخ حسین کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ شیخ حسین کانگریس کی ناگپور یونٹ کے سابق صدر ہیں۔ راہل گاندھی سے ای ڈی کی پوچھ گچھ پر ناراض کانگریس لیڈروں نے پیر کو ناگپور میں ایک احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اسی احتجاج کے دوران شیخ حسین نے مبینہ طور پر وزیراعظم نریندرمودی پر تنقید کرتے ہوئے نازیبا تبصرہ کیا ہے۔ 

بی جے پی کی ناگپور یونٹ نے کانگریس لیڈر کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرائی ہے۔ بی جے پی کے ترجمان چندن گوسوامی نے الزام لگایا ہے کہ شیخ حسین نے احتجاج کے دوران اپنی تقریر میں وزیر اعظم کے خلاف قابل اعتراض زبان استعمال کی۔ بی جے پی لیڈروں کا کہنا ہے کہ حسین کا بیان کانگریس کی ذہنیت کو ظاہر کرتا ہے۔ کانگریس غیر معیاری اور نچلی سطح پر آگئی ہے۔

معاملہ بڑھتا دیکھ کر کانگریس لیڈر شیخ حسین نے وضاحت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ایسی کوئی بات نہیں کہی، جس کے لیے ایف آئی آر درج کرنے کی ضرورت ہے۔ میری ساری تقریر پارٹی لائن پر تھی۔ آخری نکتہ جو اٹھایا جا رہا ہے، میں نے محاورے کی صورت میں کہا۔ ایسے محاورے بولے جاتے ہیں۔

 

صحافی نے جب سوال کیا کہ کیا آپ کو اپنے الفاظ پر افسوس ہے؟

اس کے جواب میں شیخ حسین نے کہا کہ میں نے کبھی ایسی بات نہیں کہی جس پر افسوس ہو۔ وزیراعظم کے بارے میں کچھ کہنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ تقریر میں میں نے کام کی بات کی، گجرات کے بارے میں بات کی۔  جو بھی کہا وہ پارٹی کے مفاد میں تھا۔

ای ڈی کی انکوائری پر سوال اٹھاتے ہوئے شیخ حسین نے کہا کہ مودی صرف راہل گاندھی، سونیا گاندھی، نیشنلسٹ کانگریس، شیو سینا کو ای ڈی نوٹس بھیجتے ہیں۔ کیا بی جے پی میں نوٹس دینے والا کوئی نہیں؟ جو لوگ کانگریس سے بی جے پی میں جا رہے ہیں، ان کی فائل بند ہو رہی ہے۔ یہ کون سا راستہ ہے؟اس طرح ملک کیسے چل رہا ہے؟

ایف آئی آر سے متعلق پوچھے گئے سوال پر حسین نے کہا کہ اب ایف آئی آر ہو چکی ہے تو دیکھتے ہیں کہ پارٹی کیسے لڑتی ہے۔ میں نے معافی کے لائق کوئی بات نہیں کہی، تو میں معافی کیوں مانگوں؟