نئی دہلی: کانگریس لیڈر کیرتی آزاد ٹی ایم سی میں شامل

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 23-11-2021
نئی دہلی: کانگریس لیڈر کیرتی آزاد ٹی ایم سی میں شامل
نئی دہلی: کانگریس لیڈر کیرتی آزاد ٹی ایم سی میں شامل

 

 

آواز دی وائس، نئی دہلی

کانگریس پارٹی کے سینیئر لیڈر کیرتی آزاد اور اشوک تنور 23 نومبر 2021 کو دہلی میں ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) میں شامل ہوگئے۔

دونوں نے پارٹی سپریمو اور مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کی موجودگی میں پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ اس سے پہلے جے ڈی یو کے سابق ایم پی پون ورما نے بھی منگل کو ترنمول کانگریس میں شمولیت اختیار کی تھی۔

آزاد نے گزشتہ لوک سبھا انتخابات سے قبل بی جے پی چھوڑ کر کانگریس میں شمولیت اختیار کی تھی۔ انہوں نے مغربی بنگال سے متصل دھنباد لوک سبھا سے بھی الیکشن لڑا تھا، لیکن ان کی ضمانت ضبط ہو گئی تھی۔

دوسری طرف تنور ہریانہ کانگریس کے ریاستی صدر رہ چکے ہیں۔ تنور ایک زمانے میں کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی کے قریبی مانے جاتے تھے۔

تاہم گزشتہ اسمبلی انتخابات میں ٹکٹ کی تقسیم کے لیے پیسے لینے کے الزامات کے بعد انھوں نے پارٹی چھوڑ دی تھی۔

بھوپندر سنگھ ہڈا کے ساتھ تنازع بھی ان کے کانگریس چھوڑنے کی ایک بڑی وجہ تھی۔ اس سے قبل مشہور مصنف جاوید اختر اور سینئر بی جے پی لیڈر ایل کے اڈوانی کے قریبی ساتھی سدھیندر کلکرنی نے بھی دہلی میں ممتا سے ملاقات کی۔

بتایا جا رہا ہے کہ ممتا بنرجی ملک بھر میں پارٹی کو مضبوط کرنے کے لیے کانگریس اور بی جے پی کے ناراض لیڈروں کو ایک پلیٹ فارم پر لا رہی ہیں۔