گیر سومناتھ: آسام کے وزیر اعلیٰ ہمنتا بسوا سرما نے جمعرات کو الزام عائد کیا کہ ’’خواتین مخالف‘‘ کانگریس کی وجہ سے ملک میں یکساں سول کوڈ (یو سی سی) سمیت دیگر ’’ترقی پسند‘‘ قوانین نافذ نہیں ہو سکے اور خواتین کو مساوی حقوق سے محروم رکھا گیا۔ سرما گجرات کے گیر سومناتھ میں موجود تھے، جہاں انہوں نے سومناتھ مندر میں پوجا کی۔ انہوں نے ’جن زی‘ اور ’جن الفا‘ کو بھی مغربی اصطلاحات قرار دیتے ہوئے کہا کہ مختلف نسلوں کو اس طرح درجہ بندی کرنا درست نہیں ہے۔
انہوں نے ہر شہری سے اپیل کی کہ عمر سے قطع نظر ملک کو مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سرما نے کہا، ’’کانگریس خواتین مخالف جماعت ہے، جس کی وجہ سے ملک میں یکساں سول کوڈ نافذ نہیں ہو سکا اور خواتین کو مساوی حقوق سے محروم رکھا گیا۔‘‘ سرما نے کہا، ’’میرا ماننا ہے کہ خواتین کو کانگریس کا مکمل بائیکاٹ کرنا چاہیے۔ ہمارے ملک میں بعض ترقی پسند قوانین نافذ نہ ہونے کی وجہ کانگریس ہے۔‘‘ ’جن زی‘ کے احتجاج کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا کہ ہندوستانی خاندانی اقدار کے نظام پر یقین رکھتے ہیں اور بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنا اپنی ذمہ داری سمجھتے ہیں۔
انہوں نے کہا، ’’ہمارے ملک میں جن زی یا جن الفا جیسی اصطلاحات کا تصور نہیں ہے۔ یہاں بیٹے اور بیٹیاں، والدین، دادا دادی اور نانا نانی ہوتے ہیں۔ جن زی اور جن الفا ایسی اصطلاحات ہیں جو امریکہ اور یورپ سے نکلی ہیں اور ہمارا اس ثقافت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔‘‘ آسام کے وزیر اعلیٰ نے کہا، ’’ہماری ذمہ داری اپنے بیٹوں اور بیٹیوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنا ہے۔ تاہم، انہیں جن زی یا جن الفا میں تقسیم کرنا درست نہیں ہے۔ ہمیں ایک خاندان کی طرح مل جل کر رہنا چاہیے، اپنے بچوں کی بہتری کے لیے محنت کرنی چاہیے اور ملک کو آگے بڑھانا چاہیے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ جب ملک کو چیلنجز کا سامنا ہو تو ہر شخص کو ان کا مقابلہ کرنا چاہیے اور ملک کو آگے لے کر چلنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا، ’’ملک کو مضبوط بنانا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ چاہے کوئی نوجوان ہو یا بزرگ، ہر شخص کا فرض ہے کہ وہ ملک کی طاقت بڑھانے میں اپنا کردار ادا کرے۔‘
‘ انہوں نے یہ بھی کہا کہ نیپال میں آنے والے تباہ کن سیلاب کے پیش نظر انہوں نے اللہ تعالیٰ سے سب کی سلامتی اور امن کے لیے دعا کی ہے۔ انہوں نے کہا، ’’حال ہی میں ہم نے آسام میں سیلاب کا سامنا کیا اور اب نیپال بھی سیلاب کی زد میں ہے۔سیلاب سے لوگوں کو بے پناہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، لوگ اپنی جانیں، املاک اور گھر کھو دیتے ہیں، جس سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوتی ہے۔ میں دعا کرتا ہوں کہ وہ سب کو محفوظ اور پُرسکون رکھے۔‘‘
سومناتھ مندر کے بارے میں سرما نے کہا کہ یہ ہندوستان کے اہم مذہبی مقامات میں سے ایک ہے اور یہاں آنا ان کے لیے اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’میں انتخابات سے قبل یہاں آیا تھا اور آشیرواد حاصل کیا تھا، جس کے بعد ہمیں آسام میں کامیابی حاصل ہوئی۔ مجھے سومناتھ کی ترقی کے بڑے منصوبوں کے بارے میں بتایا گیا ہے، جن میں اس مقدس مقام کو مزید بہتر بنانے کے لیے اس کے رقبے میں توسیع بھی شامل ہے۔ میرا ماننا ہے کہ وزیر اعظم کی قیادت میں سومناتھ صرف ہندوستان ہی نہیں بلکہ عالمی سطح پر بھی ایک اہم مذہبی مقام کے طور پر ابھرے گا۔‘‘