نئی دہلی: کانگریس نے پیر کے روز الزام عائد کیا کہ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے آپریشن سندور کے حوالے سے پارلیمنٹ میں "جھوٹ بول کر" شہداء کی توہین کی ہے، اس لیے انہیں اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دینا چاہیے۔ پارٹی کے سابق فوجی شعبے کے سربراہ، ریٹائرڈ کرنل روہت چودھری نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ وزیر دفاع کے خلاف پارلیمنٹ میں استحقاق کی خلاف ورزی کی تحریک پیش کی جائے، جبکہ وزیر اعظم نریندر مودی اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) عوام سے معافی مانگیں۔
یاد رہے کہ مئی 2025 میں آپریشن سندور کے دوران اپنے فرائض انجام دیتے ہوئے شہید ہونے والے چھ فوجیوں کے نام نیشنل وار میموریل کی ایک دیوار پر درج کیے گئے ہیں۔ حکام کے مطابق اس کارروائی کے بعد پہلی مرتبہ حکومت نے ان چھ شہداء کے نام سرکاری طور پر عوام کے سامنے جاری کیے ہیں۔
روہت چودھری نے گزشتہ سال جولائی میں پارلیمنٹ میں راج ناتھ سنگھ کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے صحافیوں سے کہا، "مودی حکومت کی بنیاد جھوٹ پر قائم ہے، اس لیے اسے اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں۔ ملک یہ سوال کر رہا ہے کہ ہمارے شہید فوجیوں کے نام سامنے لانے میں 13 ماہ کیوں لگ گئے؟ یہ قومی سلامتی کے ساتھ سنگین کھلواڑ ہے۔"