کیا ہوگا کانگریس کا مستقبل،امپاورڈ ایکشن گروپ تشکیل

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 26-04-2022
 کیا ہوگا کانگریس کا مستقبل،امپاورڈ ایکشن گروپ تشکیل
کیا ہوگا کانگریس کا مستقبل،امپاورڈ ایکشن گروپ تشکیل

 

 

آواز دی وائس، نئی دہلی

کانگریس پارٹی نے مستقبل کے سیاسی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے ایک بااختیار گروپ 2024 تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ کانگریس کے شعبہ مواصلات کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے پیر کو یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ کانگریس صدر سونیا گاندھی نے تنظیمی اور سیاسی چیلنجوں کا جائزہ لینے کے لیے 6رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کمیٹی نے گزشتہ 21 اپریل کو اپنی رپورٹ چیئرمین کو پیش کی تھی اور چیئرمین نے آج کمیٹی کے ارکان سے مشاورت کی۔ انہوں نے کہا کہ وسیع مشاورت کے بعد سونیا گاندھی نے فیصلہ کیا ہے کہ مستقبل کے سیاسی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے ایک 'امپاورڈ ایکشن گروپ 2024' تشکیل دیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ گروپ سیاسی چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے آج سے 2024 کے لوک سبھا انتخابات تک کانگریس پارٹی میں کام کرے گا۔ سرجے والا نے کہا کہ مسز گاندھی نے کھلے ذہن کے ساتھ اراکین سے مشورہ کیا اور یہ فیصلہ لیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ گروپ بنتے ہی اس کے کردار، ممبران اور اس کے کام کاج کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا جائے گا۔ انتخابی حکمت عملی ساز پرشانت کشور سے متعلق فیصلے سے متعلق ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ وہ آج اس کے علاوہ کسی اور موضوع پر تبصرہ کرنا مناسب نہیں سمجھتے ہیں۔

کانگریس نے انتخابی حکمت عملی ساز پرشانت کشور کے کانگریس میں شامل ہونے کی خبروں پر ایک بار پھر خاموشی اختیار کر لی ہے، لیکن کانگریس لیڈر رندیپ سرجے والا نے کہا کہ بااختیار ایکشن گروپ فیصلہ کرے گا کہ 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں کیا پالیسی ہوگی۔

اے این آئی کے مطابق، پیر کو 10 جن پتھ میں منعقدہ میٹنگ میں کانگریس نے مستقبل کے حوالے سے ایک بڑا فیصلہ لیا، جس کے تحت کانگریس نے 6 نئی کمیٹیاں تشکیل دی ہیں۔

دوسری طرف کانگریس 13 سے 15 مئی تک ادے پور میں نو سنکلپ چنتن شیویر کا انعقاد کرے گی۔ جس کے لیے 6 الگ الگ کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں جن میں 6 ایجنڈوں پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے جن میں کسان اور زراعت، نوجوان اور بے روزگاری، تنظیمی معاملات، سماجی بااختیار بنانے، معاشی حالت اور سیاسی معاملات شامل ہیں۔

ملکارجن کھرگے، سلمان خورشید، پی چدمبرم، مکل واسنک، بھوپندر سنگھ ہڈا اور امریندر سنگھ وارنگ ان تمام چھ کمیٹیوں کے الگ الگ کنوینر کے طور پر کام کریں گے۔

دگ وجے سنگھ کے بھائی لکشمن سنگھ نے پرشانت کشور کی تعریف کرتے ہوئے انہیں مدھیہ پردیش سے راجیہ سبھا بھیجنے کا مطالبہ کیا ہے۔ لکشمن کا کہنا ہے کہ پرشانت کی حکمت عملی کئی ریاستوں میں کامیاب رہی ہے۔ اسی لیے کانگریس صدر نے انہیں مدعو کیا ہے۔ اس پر گزشتہ ایک ہفتے سے بات چیت جاری ہے۔لکشمن نے کہا کہ پرشانت کشور کو پارٹی میں لیا جائے اور ان کی رائے بھی لی جائے۔ ایم پی میں ایک سیٹ خالی ہے، انہیں یہاں سے راجیہ سبھا بھیجنے میں کوئی حرج نہیں ہے۔ اس کا فائدہ کانگریس کو ضرور ملے گا۔

سونیا گاندھی نے پرشانت کی پیشکش اور پارٹی میں ان کی شمولیت پر غور کرنے کے لیے کانگریس لیڈروں کی ایک کمیٹی تشکیل دی تھی۔ اس کمیٹی نے اپنی رپورٹ پارٹی صدر سونیا گاندھی کو سونپی ہے۔ کمیٹی کے ارکان کے سی وینوگوپال، ڈگ وجئے سنگھ، امبیکا سونی، رندیپ سرجے والا، جے رام رمیش اور پرینکا گاندھی واڈرا پرشانت کے بارے میں فیصلہ لینے کے لیے 10 جن پتھ گئے تھے۔ تاہم رندیپ سرجے والا نے میٹنگ کے بعد پرشانت پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

انتخابی حکمت عملی ساز پرشانت نے کانگریس ہائی کمان کے ساتھ تین ملاقاتیں کی ہیں۔ اس دوران انہوں نے لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی شکست پر ذہن سازی کی۔ یہی نہیں، پرشانت کشور نے کانگریس کو 600 صفحات پر مشتمل ایک پریزنٹیشن بھی دیا، جس میں یہ بتایا گیا کہ اقتدار میں واپسی کے لیے پارٹی کو کیا کرنا پڑے گا۔تاہم، بہت سے کانگریسی لیڈروں نے پرشانت کشور سے کنارہ کشی اختیار کر لی ہے۔