آن لائن سماعت کے دوران بیت الخلاء میں بیٹھنے پر توہینِ عدالت کی کارروائی

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 05-07-2025
آن لائن سماعت کے دوران بیت الخلاء میں بیٹھنے پر توہینِ عدالت کی کارروائی
آن لائن سماعت کے دوران بیت الخلاء میں بیٹھنے پر توہینِ عدالت کی کارروائی

 



احمدآباد: گجرات ہائی کورٹ نے ایک شخص کے خلاف از خود توہینِ عدالت کی کارروائی کا آغاز کیا ہے، جو 20 جون کو ویڈیو کانفرنس کے ذریعے ہونے والی عدالتی سماعت کے دوران بیت الخلاء کی نشست پر بیٹھا ہوا پایا گیا۔ یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب جسٹس نرجھر ایس دیسائی ایک مقدمے کی سماعت کر رہے تھے۔

اس واقعے کی ویڈیو جلد ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس کے بعد عدالت نے سخت نوٹس لیا۔ جسٹس اے ایس سوپیہا اور جسٹس آر ٹی وچھانی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے 30 جون کو رجسٹری کو ہدایت دی کہ وہ ویڈیو میں نظر آنے والے شخص کے خلاف از خود توہینِ عدالت کی کارروائی شروع کرے۔

۔ 3 جولائی کو اپلوڈ کیے گئے عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ ہائی کورٹ کے انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی رجسٹرار کو یہ جاننے کی ذمہ داری دی گئی ہے کہ آن لائن سماعتوں میں اس قسم کے غیر سنجیدہ اور بدنظمی پر مبنی رویے کو روکنے کے لیے کیا اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔ عدالت نے کہا کہ اس طرح کے واقعات اب بار بار دیکھنے کو مل رہے ہیں۔

عدالتی حکم کے مطابق رجسٹری توہین کرنے والے کو نوٹس جاری کرے گی کہ کیوں نہ اس کے خلاف توہین عدالت ایکٹ 1971 کی دفعہ 2(سی) کے تحت کارروائی کی جائے اور اسے سزا دی جائے۔ دو ہفتے کے اندر اس معاملے کو فہرست میں شامل کیا جائے۔

عدالت نے مزید کہا کہ اس واقعے کی ویڈیو نے عدلیہ کی ساکھ کو نقصان پہنچایا ہے، اور سوشل میڈیا پر اس کی بڑے پیمانے پر تشہیر قابل مذمت ہے۔ عدالت نے اس ویڈیو کو فوری طور پر ہٹانے اور اس کی تشہیر پر پابندی لگانے کا حکم بھی دیا۔ یہ کارروائی عدالت کے وقار اور عدالتی نظم و ضبط کو قائم رکھنے کے لیے ایک سخت پیغام کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔