نئی دہلی : 3 دسمبر 2025 کو پروفیسر دیوان حنان خان کی یاد میں تعزیتی نشست کا انعقاد کیا گیا. تعزیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے ڈپارٹمنٹ آف ایجوکیشن اِن لینگویجز، این سی ای آر ٹی کے ہیڈ پروفیسر محمد فاروق انصاری نے پروفیسر دیوان حنان خان کے انتقال پر گہرے رنج و ملال کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کے ساتھ ان کی طویل رفاقت نہایت خوشگوار یادوں سے عبارت ہے۔ انہوں نے مرحوم کو ایک باوقار منتظم، فرض شناس رفیقِ کار اور ذمہ داریوں کو ہمہ وقت خوش اسلوبی سے انجام دینے والی شخصیت قرار دیا۔
پروفیسر فاروق انصاری نے مرحوم کے اہلِ خانہ اور جملہ پسماندگان سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس غم کی گھڑی میں وہ خود، پورا شعبہ اور این سی ای آر ٹی کی پوری برادری سوگوار خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور لواحقین کو صبرِ جمیل عطا کرے۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے پروفیسر محمد نعمان خان نے کہا کہ پروفیسر دیوان حنان ملنسار اور وقت پر فریضہ انجام دینے والے انسان تھے، ڈاکٹر رضوان الحق نے اپنی طالب علمی کے زمانے کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہاسٹل کے صدر تھے، انہیں انتظامی امور میں مہارت تھی ہم لوگوں کو چھوٹے بھائی کی طرح عزیز رکھتے تھے، این سی پی یو ایل کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شمس اقبال نے پروفیسر دیوان حنان خان کے انتقال کو اپنا ذاتی نقصان قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے بچھڑنے سے میرا ذاتی نقصان ہوا ہے وہ انسان دوست تھے اور سبھی کے لیے محبت و خلوص کا جذبہ رکھتے تھے۔ پروفیسر قاضی عبیدالرحمن ہاشمی نے انہیں سب کا خیال رکھنے والا مخلص انسان قرار دیا.
ڈاکٹر نیل کنٹھ نے بھی اپنے تاثراتی بیان میں انہیں انتظامی امور میں ماہر اور سبھی کے لیے خیر خواہی کا جذبہ رکھنے والا قرار دیا
پروفیسر لال چند نے کہا کہ پروفیسر دیوان حنان بہت حساس انسان تھے، ان کا جانا پوری این سی ای آر ٹی برادری کے لیے صدمہ ہے. اس موقع پر پروفیسر محمد کاظم، پروفیسر شہپر رسول،پروفیسر اخترصدیقی، پروفیسر شعیب عبداللہ، پروفیسر سہیل احمد فاروقی، جناب انیس اعظمی،جناب خورشید اکرم، ڈاکٹر کلیم اللہ ،ڈاکٹر غزالہ فاطمہ اور ڈاکٹر شفیع ایوب نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ان کی خوبیوں اور کمالات کا ذکر کیا اور ان کے پسماندگان اور لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا. واضح رہے کہ پروفیسر دیوان حنان خان ڈیپارٹمنٹ آف ایجوکیشن ان لینگویجز این سی ای آر ٹی، نئی دہلی میں بحیثیت اردو پروفیسر خدمات انجام دے رہے تھے، گزشتہ چند ماہ سے علیل چل رہے تھے اور 26 نومبر 2025بروزبدھ،صبح 11 بجے میٹرو ہاسپٹل نوئیڈا میں ان کا انتقال ہوگیا۔ان کے جسد خاکی کو آبائی وطن بیور،بھبوا،بہار لے جایا گیا جہاں انہیں سپرد خاک کیا گیا. ۔ اس نشست کا اختتام مرحوم کے لیے دعاء مغفرت پر ہوا۔تعزیتی نشست میں شعبہ اور این سی ای آر ٹی کے افراد کے ساتھ بڑی تعداد میں دہلی و گردو نواح کی معزز شخصیات موجود رہیں.