کانکی نارہ میں ڈاکٹر بشیر بدر کی یاد میں تعزیتی و دعائیہ محفل

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 02-06-2026
کانکی نارہ میں ڈاکٹر بشیر بدر کی یاد میں تعزیتی و دعائیہ محفل
کانکی نارہ میں ڈاکٹر بشیر بدر کی یاد میں تعزیتی و دعائیہ محفل

 



کانکی نارہ: بشیر احمد

بزمِ خواجہ جاوید اختر، کانکی نارہ کے زیرِ اہتمام 31 مئی 2026ء بروز اتوار صبح 10:30 بجے سے دوپہر 12:30 بجے تک ایک باوقار ادبی تقریب منعقد کی گئی۔ اس تقریب میں جدید اردو غزل کے ممتاز اور عہد ساز شاعر ڈاکٹر بشیر بدر کی یاد میں تعزیتی و دعائیہ محفل کا انعقاد کیا گیا۔ ساتھ ہی مرزاپور اتر پردیش سے تشریف لائے معروف سینئر شاعر جناب خورشید بھارتی کے اعزاز میں ایک شعری نشست بھی منعقد ہوئی۔

یہ پروگرام حمایت الغربا ہائی اسکول کانکی نارہ میں قائم قومی کونسل برائے فروغِ اردو زبان کے کمپیوٹر سینٹر میں منعقد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت ادارے کے صدر جناب خواجہ احمد حسین نے کی جبکہ نظامت کے فرائض علی شاہد دلکش نے نہایت خوش اسلوبی سے انجام دیے۔

پروگرام کا آغاز مولانا عبدالرحمن صاحب کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ بعد ازاں انہوں نے ڈاکٹر بشیر بدر۔ خواجہ جاوید اختر۔ ایوب انصاری۔ ماسٹر ابوالکلام انصاری اور دیگر مرحومین کے لیے اجتماعی دعائے مغفرت کرائی اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی۔

تعزیتی نشست کی ادبی شروعات جناب عین۔ سین کمال کی نعتیہ پیشکش سے ہوئیں۔ اس کے بعد صدرِ محفل خواجہ احمد حسین نے ڈاکٹر بشیر بدر کی ایک مقبول غزل کو مرحوم کے مخصوص اندازِ ترنم میں پیش کرکے انہیں بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا۔

مذکورہ اسکول کے سابق سینئر استاد اور این سی سی افسر جناب عاطف جلیس نے ڈاکٹر بشیر بدر سے اپنی ملاقاتوں کا ذکر کرتے ہوئے ان کی شخصیت اور خدمات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے اردو زبان کے فروغ اور اسلاف کے نقشِ قدم پر چلنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

نوجوان شاعر و ادیب علی شاہد دلکش نے ڈاکٹر بشیر بدر کی سوانح۔ ادبی خدمات اور منتخب اشعار کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی۔ معروف شاعر و صحافی مہتاب سلم نے بھی اپنے تاثرات پیش کرتے ہوئے ڈاکٹر بشیر بدر کی شعری عظمت اور ان کے ساتھ گزارے ہوئے یادگار لمحات کو حاضرین کے سامنے رکھا۔ انہوں نے مرحوم کو اردو ادب کا ایک گراں قدر سرمایہ قرار دیا۔

پروگرام کے دوسرے سیشن میں ایک یادگار شعری نشست منعقد ہوئی جس میں سمیع الفت۔ احمد منیر۔ علی شاہد دلکش۔ بلند اقبال۔ مہتاب سلم۔ عظیم انصاری۔ خورشید بھارتی اور خواجہ احمد حسین نے اپنا منتخب کلام پیش کیا۔ شعرا کی خوبصورت پیشکشوں کو حاضرین کی جانب سے بھرپور داد و تحسین حاصل ہوئی۔

تقریب میں حاجی عبدالغفار۔ ڈاکٹر جاوید اشرف کولکتہ۔ محمد علی احمد کولکتہ۔ ماسٹر محمد ممتاز۔ شمیم جہانگیری۔ صحافی شکیل اختر۔ حسرت جاوید ڈائریکٹر آسرا کمپیوٹر سنٹر۔ محمد شمشاد اور کمپیوٹر سینٹر کے طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔پروگرام کی کامیابی میں بشیر احمد۔ محترمہ فردوس جبیں۔ محمد صغیر احمد اور محمد عبدالستار نے اہم انتظامی ذمہ داریاں انجام دیں اور تقریب کو کامیاب بنانے میں نمایاں کردار ادا کیا