چنئی: بھارت کے سابق آف اسپنر روی چندرن اشون نے 2027 ورلڈ کپ کے بعد ون ڈے کرکٹ کے مستقبل پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ تیزی سے بڑھتی ہوئی ٹی20 لیگز اور آئی سی سی کی جانب سے ہر سال کسی بڑے ٹورنامنٹ کے انعقاد کے باعث حد سے زیادہ کرکٹ کھیلے جانے کی وجہ سے یہ فارمیٹ اپنی اہمیت کھوتا جا رہا ہے۔
اشون کا ماننا ہے کہ ٹی20 لیگز اور ٹیسٹ کرکٹ کی اپنی الگ وقعت برقرار رہنے کے سبب ون ڈے کرکٹ تقریباً غیر ضروری بنتا جا رہا ہے۔ اشون نے اپنے ہندی یوٹیوب چینل ’ایش کی بات‘ پر کہا، 2027 ورلڈ کپ کے بعد ون ڈے کرکٹ کا مستقبل کیا ہوگا، اس بارے میں میں یقینی نہیں ہوں۔ میں اس کو لے کر تھوڑا فکرمند ہوں۔ میں وجے ہزارے ٹرافی دیکھ رہا ہوں، لیکن جس طرح میں نے سید مشتاق علی ٹرافی دیکھی، اسی طرح اسے دیکھ پانا تھوڑا مشکل لگ رہا ہے۔
انہوں نے کہا، ہمیں یہ بھی سمجھنا ہوگا کہ ناظرین کیا دیکھنا چاہتے ہیں۔ میرا خیال ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ کے لیے اب بھی جگہ ہے، لیکن ون ڈے کرکٹ کے لیے واقعی جگہ باقی نہیں رہی۔ تمام فارمیٹس میں 765 وکٹیں لینے والے بھارت کے دوسرے سب سے کامیاب گیندباز اشون کا کہنا ہے کہ کسی کھیل کو ناظرین سے جوڑنے کے لیے اسٹار کھلاڑیوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس کے لیے انہوں نے حال ہی میں روہت شرما اور وراٹ کوہلی کے وجے ہزارے ٹرافی میچ میں کھیلنے سے اسٹیڈیم میں اُمڑی بھیڑ کی مثال دی۔
ان دونوں کھلاڑیوں کے نام مجموعی طور پر 86 ون ڈے سنچریاں درج ہیں۔ انہوں نے کہا، دیکھئے، جب روہت اور وراٹ وجے ہزارے ٹرافی کھیلنے آئے تو لوگوں نے اسے دیکھنا شروع کیا۔ ہمیں معلوم ہے کہ کھیل ہمیشہ کھلاڑیوں سے بڑا ہوتا ہے، لیکن بعض اوقات کھیل کو متعلقہ (ریلیونٹ) بنائے رکھنے کے لیے ان کھلاڑیوں کی واپسی ضروری ہو جاتی ہے۔
اشون نے کہا، وجے ہزارے ٹرافی ایک گھریلو ون ڈے ٹورنامنٹ ہے جسے عام طور پر زیادہ لوگ نہیں دیکھتے، لیکن وراٹ اور روہت کے کھیلنے کی وجہ سے لوگ اسے دیکھنے پہنچے۔ اب سوال یہ ہے کہ جب یہ کھلاڑی ون ڈے کھیلنا چھوڑ دیں گے تو پھر کیا ہوگا؟ اس سابق کرکٹر نے کہا کہ ایک وقت تھا جب 50 اوورز کی کرکٹ ایک شاندار فارمیٹ ہوا کرتی تھی، جس نے مہندر سنگھ دھونی جیسے کھلاڑی پیدا کیے جو اننگز کو سنبھال کر کھیلنا جانتے تھے۔
انہوں نے کہا، ون ڈے کرکٹ کبھی ایک بہترین فارمیٹ تھا جس نے دھونی جیسا کھلاڑی دیا، جو 10 سے 15 اوورز تک صرف سنگلز لے کر اننگز کو سنبھالتا تھا اور آخر میں دھواں دار بیٹنگ کرتا تھا۔ اب ایسے کھلاڑی نہیں رہے اور نہ ہی اب اس طرز کی بیٹنگ کی ضرورت ہے، کیونکہ اب دو نئی گیندیں ہوتی ہیں اور دائرے کے اندر پانچ فیلڈر ہوتے ہیں۔
اشون نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے بھی اپیل کی کہ وہ تجارتی مفادات سے متاثر ہوئے بغیر اپنے کیلنڈر پر نظرثانی کرے، کیونکہ ان کے مطابق بہت زیادہ ورلڈ کپ منعقد کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب تقریباً ہر سال آئی سی سی ٹورنامنٹ ہونے کی بنیادی وجہ ریونیو میں اضافہ ہے۔ 2025 کے کیلنڈر میں مردوں کی چیمپئنز ٹرافی اور خواتین کا ون ڈے ورلڈ کپ شامل تھا، جبکہ 2026 میں مردوں اور خواتین دونوں کے ٹی20 ورلڈ کپ منعقد ہوں گے۔
انہوں نے کہا، ون ڈے فارمیٹ اب غیر ضروری سا ہو گیا ہے اور آئی سی سی جس طرح ورلڈ کپ منعقد کر رہا ہے، اس پر بھی غور کرنے کی ضرورت ہے۔ ہر سال آمدنی کے لیے کوئی نہ کوئی آئی سی سی ٹورنامنٹ کرایا جاتا ہے۔ فیفا کو دیکھ لیجیے، وہاں الگ الگ لیگز ہوتی ہیں اور ورلڈ کپ چار سال میں ایک بار ہوتا ہے، اسی لیے ورلڈ کپ کی اپنی الگ اہمیت ہوتی ہے۔
اشون نے مزید کہا، بہت زیادہ دو طرفہ سیریز، بہت زیادہ فارمیٹس اور بہت زیادہ ورلڈ کپ—یہ سب مل کر حد سے زیادہ ہو گیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ آنے والے ٹی20 ورلڈ کپ میں بھارت بمقابلہ امریکہ اور بھارت بمقابلہ نمیبیا جیسے مقابلے ناظرین کو کرکٹ سے دور بھی کر سکتے ہیں۔
جہاں سچن ٹنڈولکر جیسے عظیم کھلاڑی ون ڈے میں اننگز کو حصوں میں تقسیم کرنے کے فارمیٹ کی تجویز دے چکے ہیں، وہیں اشون کا ماننا ہے کہ چار سال میں صرف ایک ون ڈے ورلڈ کپ ہی اس فارمیٹ کو بچا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا، اگر آپ واقعی ون ڈے کرکٹ کو متعلقہ بنانا چاہتے ہیں تو ٹی20 لیگز کھیلئے اور چار سال میں صرف ایک بار ون ڈے ورلڈ کپ کرائیے۔ جب لوگ اسے دیکھنے آئیں گے تو ان کے اندر جوش اور امید ہوگی، ورنہ مجھے لگتا ہے کہ ون ڈے کرکٹ آہستہ آہستہ ختم ہونے کے قریب پہنچ رہا ہے۔