نئی دہلی: سپریم کورٹ نے ملک میں ووٹنگ کو لازمی بنانے کے احکامات جاری کرنے کی درخواست والی مفادِ عامہ کی عرضی پر جمعرات کو سماعت سے انکار کر دیا اور کہا کہ ایسا فیصلہ "پالیسی کے دائرے" میں آتا ہے اور عدلیہ اس بارے میں حکم جاری نہیں کر سکتی۔ ہندستان کے چیف جسٹس سوریا کانت، جسٹس جوی مالیا باغچی اور جسٹس وپل ایم پنچولی پر مشتمل بنچ نے عرضی گزار اجے گوئل سے کہا کہ وہ اپنی شکایت متعلقہ فریقین کے سامنے رکھیں۔
بنچ نے کہا کہ جان بوجھ کر ووٹ نہ دینے والوں کے خلاف تعزیری اقدامات نافذ کرنے اور ووٹنگ کو لازمی بنانے جیسی درخواستوں پر عدالت غور نہیں کر سکتی۔ عرضی گزار نے یہ بھی مطالبہ کیا تھا کہ جو لوگ جان بوجھ کر ووٹ نہیں دیتے، ان کے لیے سرکاری سہولیات پر پابندی لگانے سے متعلق ہدایات جاری کی جائیں۔
سماعت کے دوران چیف جسٹس نے کہا کہ جمہوریت قانونی دباؤ سے نہیں بلکہ عوامی بیداری سے پروان چڑھتی ہے۔ انہوں نے کہا، "ایک ایسے ملک میں جو قانون کی حکمرانی پر چلتا ہے اور جمہوریت پر یقین رکھتا ہے، اور جہاں ہم نے 75 برسوں میں اس پر بھروسہ ظاہر کیا ہے، ہر شخص سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ ووٹ دینے جائے۔ اگر وہ نہیں جاتے تو نہ جائیں۔ ضرورت بیداری کی ہے، ہم انہیں مجبور نہیں کر سکتے۔" عرضی گزار نے یہ بھی تجویز دی کہ عدالت الیکشن کمیشن کو غیر ووٹرز کے لیے سرکاری سہولیات پر پابندی لگانے کی ہدایت دے۔
اس پر چیف جسٹس نے سوال اٹھایا کہ گھر پر رہنے کو جرم کیسے بنایا جا سکتا ہے۔ چیف جسٹس نے پوچھا، "کیا ہم ان کی گرفتاری کا حکم دیں؟ اگر کوئی شہری ووٹ دینے نہیں جاتا تو ہم کیا کر سکتے ہیں؟" بنچ نے لازمی ووٹنگ قانون کی عملی مشکلات کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ انتخاب کے دن کئی شہری اپنے کام میں مصروف رہتے ہیں، جن میں جج بھی شامل ہیں۔
چیف جسٹس نے کہا، "اگر ہم اسے قبول کر لیں تو میرے ساتھی جسٹس باغچی کو کام کے دن کے باوجود ووٹ دینے کے لیے مغربی بنگال جانا پڑے گا۔ اس پر جسٹس باغچی نے کہا، "عدالتی کام بھی اہم ہے۔ بنچ نے معاشرے کے کمزور طبقات کی تشویش بھی ظاہر کی۔
انہوں نے کہا، اگر کوئی غریب شخص کہے کہ ‘مجھے اپنی مزدوری کمانا ہے، میں ووٹ کیسے دوں؟’ تو ہم اسے کیا جواب دیں گے؟ عرضی گزار نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو ایک کمیٹی بنانے کا حکم دیا جانا چاہیے جو ووٹ نہ دینے والوں پر پابندیوں سے متعلق تجاویز تیار کرے۔ اس پر چیف جسٹس نے کہا، ہمیں خدشہ ہے کہ یہ مسائل پالیسی کے دائرے میں آتے ہیں۔