آبادیاتی تبدیلیوں کا جامع جائزہ لینے کے لیے کمیٹی:امت شاہ

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 26-05-2026
آبادیاتی تبدیلیوں کا جامع جائزہ لینے کے لیے کمیٹی:امت شاہ
آبادیاتی تبدیلیوں کا جامع جائزہ لینے کے لیے کمیٹی:امت شاہ

 



نئی دہلی: مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے منگل کے روز کہا کہ مرکز نے ’’غیر قانونی دراندازی اور دیگر غیر معمولی وجوہات‘‘ کے باعث ملک بھر میں ہونے والی آبادیاتی تبدیلیوں کا جامع جائزہ لینے کے لیے سپریم کورٹ کے ریٹائرڈ جج جسٹس پرکاش پربھاکر ناولیکر کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی ہے۔

امت شاہ نے ’’ایکس‘‘ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ دراندازی اور دیگر وجوہات کے سبب ہونے والی ’’غیر معمولی‘‘ آبادیاتی تبدیلی کسی بھی ملک کے حال اور مستقبل کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے۔ انہوں نے کہا، ’’اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے 15 اگست 2025 کو وزیر اعظم نریندر مودی نے ’آبادیاتی تبدیلی پر اعلیٰ سطحی کمیٹی‘ کے قیام کا اعلان کیا تھا۔ مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ حکومت نے اس کمیٹی کی تشکیل کر دی ہے۔‘‘

انہوں نے بتایا کہ کمیٹی کی سربراہی جسٹس پرکاش پربھاکر ناولیکر (ریٹائرڈ) کریں گے، جبکہ مردم شماری کمشنر کے ساتھ درگا شنکر مشرا (ریٹائرڈ آئی اے ایس افسر) اور بالاجی سریواستو (ریٹائرڈ آئی پی ایس افسر) اس کے اراکین ہوں گے۔ اس کے علاوہ ڈاکٹر شمیکا روی بھی کمیٹی کی رکن ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ کے جوائنٹ سکریٹری (فارنرز-1) اس کمیٹی کے رکن سکریٹری ہوں گے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ آبادیاتی تبدیلی ’’ہماری خودمختاری کے ساتھ ساتھ قومی سلامتی، قانون و انتظام، سماجی ڈھانچے میں سنگین تبدیلی اور قبائلی سماج کے تحفظ سے جڑا ایک سنگین مسئلہ ہے۔‘‘ انہوں نے کہا، ’’یہ کمیٹی غیر قانونی نقل مکانی اور دیگر غیر معمولی وجوہات کے باعث پورے ہندوستان میں ہونے والی آبادیاتی تبدیلیوں کا جامع جائزہ لے گی اور مذہبی و سماجی برادریوں کی سطح پر غیر معمولی آبادیاتی تبدیلیوں کے رجحانات کا تجزیہ کرتے ہوئے اس کا منظم اور وقت بند حل پیش کرے گی۔‘‘

گزشتہ سال یوم آزادی کے موقع پر لال قلعہ کی فصیل سے اپنے خطاب میں وزیر اعظم نریندر مودی نے اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے ایک اعلیٰ اختیاراتی آبادیاتی مشن کے قیام کا اعلان کیا تھا۔ مودی نے کہا تھا کہ دراندازی کے ذریعے ملک کی آبادیاتی ساخت کو تبدیل کرنے کی سوچی سمجھی سازش کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا تھا، میں آج ملک کے سامنے ایک تشویش اور ایک چیلنج کے تعلق سے خبردار کرنا چاہتا ہوں۔ سازش کے تحت، سوچی سمجھی منصوبہ بندی کے تحت ملک کی ڈیموگرافی کو بدلا جا رہا ہے۔ ایک نئے بحران کے بیج بوئے جا رہے ہیں اور یہ درانداز میرے ملک کے نوجوانوں کی روزی روٹی چھین رہے ہیں۔ یہ درانداز میرے ملک کی بہن بیٹیوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، یہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔‘

وزیر اعظم نے یہ بھی کہا تھا کہ یہ درانداز سادہ لوح قبائلیوں کو گمراہ کرکے ان کی زمینوں پر قبضہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا تھا، جب آبادیاتی تبدیلی ہوتی ہے، خاص طور پر سرحدی علاقوں میں آبادیاتی تبدیلی ہوتی ہے، تو قومی سلامتی کے لیے خطرہ پیدا ہوتا ہے۔