کالی کٹ : رمضان روحانی کانفرنس کے سلسلے میں کالی کٹ مرکز میں منعقدہ گرانڈ کمیونٹی افطار میں تقریباً 3000 روزہ داروں نے ایک ساتھ افطار کیا۔ 25 ویں شب لیلۃ القدر کی مناسبت سے منعقد ہونے والی یہ روحانی شب مکمل بیداری کے ساتھ سحری تک جاری رہی۔ اس میں شرکت کے لیے ریاست کے مختلف اضلاع اور پڑوسی ریاستوں سے بڑی تعداد میں لوگ مرکز پہنچے۔
دوپہر 1 بجے مسجد الحاملی سے رمضان روحانی اجلاس کا آغاز گرانڈ مفتی آف انڈیا شیخ ابوبکر احمد نے کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ مقدس ایام کو نیکیوں اور عبادات سے مزین کرنا ہی حضرت محمد ﷺ اور بزرگان دین کا طریقہ ہے۔ مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ طریقہ مصطفیٰ کو اپنی زندگی میں اختیار کریں۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کثرت عبادت کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ اجتماعی افطار معاشرے میں باہمی محبت ہم آہنگی اور اتحاد کو فروغ دیتا ہے۔
مرکز کے ڈائریکٹر جنرل سی محمد فیضی نے افتتاحی کلمات پیش کیے جبکہ وی پی ایم فیضی ویلیاپّلی نے اجلاس کی صدارت کی۔ اس موقع پر سی پی عبیداللہ ثقافی نے بھی خطاب کیا۔ پروگرام میں ڈاکٹر حسین ثقافی اور عبدالرحمن ثقافی بھی شریک رہے۔

افتتاحی اجلاس کے بعد منعقد ہونے والی زکوٰۃ اسٹڈی کلاس کی قیادت کنجی محمد ثقافی نے کی جبکہ اختتامی دعا کی قیادت سید شرف الدین جمال اللیل نے کی۔ پروگرام کے دیگر اہم حصوں میں تلاوت قرآن اسماء البدریہ اسماء الحسنیٰ اور حلقہ ذکر شامل تھے۔
افطار کے بعد اوابین تسبیح تراویح اور وتر کی نمازیں ادا کی گئیں۔ نماز عشاء کے بعد مرکز کنونشن سینٹر میں عوامی اجلاس منعقد ہوا۔ پروگرام کا آخری سیشن توبہ و استغفار کی مجلس پر مشتمل تھا جس کی قیادت سید شہاب الدین اہدل نے کی۔ اس موقع پر گریہ و زاری اور آمین کی صداؤں سے پورا مجمع گونج اٹھا۔
آخر میں سحری کے بعد شرکا اپنے گھروں کو روانہ ہوئے۔ اہم شرکا میں سید علی بافقیہ سید عبدالرحمن البخاری سید شہاب الدین سید عبدالفتاح اہدل عبدالجلیل ثقافی عبدالعزیز ثقافی سمیت مرکز کے مدرسین سنی تنظیموں کے رہنما اور دیگر شخصیات شامل تھیں۔