کشمیرسے کنیاکماری تک سردلہر،محکمہ موسمیات نے بتایاکب ملے گی نجات؟

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 18-01-2022
کشمیرسے کنیاکماری تک سردلہر،محکمہ موسمیات نے بتایاکب ملے گی نجات؟
کشمیرسے کنیاکماری تک سردلہر،محکمہ موسمیات نے بتایاکب ملے گی نجات؟

 

 

نئی دہلی: قومی راجدھانی دہلی میں منگل کو بھی شدید سردی ہے۔ کئی مقامات پر درجہ حرارت معمول سے پانچ سے چھ ڈگری سیلسیس کم ریکارڈ کیا گیا۔

لوگوں کو الاؤ جلاتے اور ہاتھ سینکتے ہوئے دیکھا گیا۔ دہلی، پنجاب، ہریانہ، راجستھان، اتر پردیش اور بہار کے کئی علاقوں میں آج صبح بھی جمانے والی سردی محسوس کی گئی۔

دہلی میں کم سے کم درجہ حرارت 8 ڈگری سیلسیس کے آس پاس محسوس کیا گیا۔ ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے پیشن گوئی جاری کی ہے کہ دو دن تک دہلی، پنجاب، ہریانہ، اتر پردیش، چندی گڑھ، مدھیہ پردیش اور راجستھان کے الگ تھلگ علاقوں میں سردی بڑھ سکتی ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق، راجستھان، مدھیہ پردیش، اتر پردیش، بہار اور بنگال کے ہمالیائی میدان میں آج صبح گھنی دھند ریکارڈ کی گئی۔

راجستھان کے چورو، مدھیہ پردیش کے گوالیار میں 25 میٹر تک بصارت ریکارڈ کی گئی، جب کہ جموں، ہریانہ کے حصار، آسام میں سلچر، راجستھان میں گنگا نگر، یوپی میں گورکھپور، گیا، پورنیہ، ایم پی میں گونا اور بھوپال میں 200 میٹر ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پورے شمالی ہندوستان میں اگلے دو روز تک گھنی دھند چھائی رہ سکتی ہے۔ آئی ایم ڈی کے اعداد و شمار کے مطابق لودھی روڈ، نریلا، جعفرپور اور میور وہار میں منگل کو بھی سرد دن جیسی صورتحال رہی۔

اس سے پہلے، پیر کا دن بھی سرد دن تھا کیونکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 16.1 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا تھا، جو موسم کے اوسط سے چار درجے کم تھا۔

شہر میں کم از کم درجہ حرارت 8.7 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جو کہ موسم کی اوسط سے دو ڈگری زیادہ تھا۔ آئی ایم ڈی کے مطابق، زیادہ 'سرد دن' اس وقت ہوتا ہے جب کم از کم درجہ حرارت معمول سے کم از کم پانچ ڈگری سیلسیس کم ریکارڈ کیا جاتا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے 10 ڈگری سیلسیس کم ریکارڈ کیا جاتا ہے۔

کشمیر کے کچھ حصوں میں ایک بار پھر برف باری کے بعد کئی مقامات پر کم سے کم درجہ حرارت گر گیا ہے۔

حکام نے بتایا کہ شمالی کشمیر میں لولاب، کپوارہ، سوپور اور بارہمولہ سمیت کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی برف باری کی اطلاع ملی۔ سری نگر کے کچھ علاقوں میں ژالہ باری بھی ہوئی ہے۔

آئی ایم ڈی نے تازہ ترین پیشین گوئی میں کہا ہے کہ مغربی ہمالیہ کے علاقے اور کونکن ساحل کے ملحقہ علاقوں میں طوفانی گردش کا ایک علاقہ برقرار ہے۔

اس کے علاوہ مغربی ہمالیہ میں 18 جنوری سے ایک ویسٹرن ڈسٹربنس بھی سرگرم ہے۔ اس کی وجہ سے 21 جنوری سے ہمالیائی خطوں بالخصوص جموں و کشمیر، ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ میں بارش اور برف باری ہوسکتی ہے۔ جس کے باعث میدانی علاقوں میں سردی مزید بڑھنے کا امکان ہے۔

آئی ایم ڈی نے آندھرا پردیش، رائلسیما، تمل ناڈو، کیرالہ، مغربی بنگال، سکم، آسام، میگھالیہ، ناگالینڈ سمیت شمال مشرق میں 19 اور 20 جنوری کے درمیان بارش کی بھی پیش گوئی کی ہے۔