نئی دہلی/ آواز دی وائس
پہاڑی ریاستوں میں برفباری اور بارش کے بعد دہلی-این سی آر سمیت ملک کے کئی ریاستوں میں سردی نے دستک دے دی ہے۔ دہلی، ہریانہ، اتر پردیش سمیت ملک کی دیگر ریاستوں میں صبح و شام ہلکی سردی پڑنے لگی ہے۔ دہلی-این سی آر میں رات کو کئی لوگ پنکھا، کولر اور اے سی نہیں چلا رہے ہیں۔ یہاں تک کہ ہلکے کمبل کا بھی سہارا لیا جا رہا ہے۔ اس دوران ملک کے کئی حصوں میں تیز بارش بھی جاری ہے۔
ان ریاستوں میں بارش کی وارننگ
محکمہ موسمیات کے مطابق، تمل ناڑو، اندرونی کرناٹک، ساحلی آندھرا پردیش، تلنگانہ، کیرالہ اور ماہے میں 9 سے 12 اکتوبر کے دوران کئی علاقوں میں بارش ہو سکتی ہے۔ تلنگانہ میں تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ 9-11 اکتوبر کے دوران اڑیسہ میں بھی بارش متوقع ہے۔ 9-10 اکتوبر کے دوران آسام، میگھالیہ، ناگالینڈ، منی پور، میزورم اور تریپورہ میں ہلکی سے درمیانی درجے کی بارش ہوئی ہے۔ 10 اکتوبر کو اروناچل پردیش میں بھی بارش کے آثار ہیں۔
راجستھان میں موسم کی صورتحال
محکمہ موسمیات کے مطابق، آج سے موسم خشک ہو جائے گا اور بارش کے بعد دن بھر دھوپ نکلے گی اور موسم اپنا الگ روپ دکھائے گا۔ اگلے ایک ہفتے تک بارش کا امکان نہیں ہے۔ اکتوبر کے آخری ہفتے یا نومبر کے آغاز تک سردی شروع ہو جائے گی۔
پہاڑی ریاستوں میں برفباری
اترکھنڈ، جموں و کشمیر اور ہماچل پردیش کے کئی علاقوں میں برفباری ہوئی ہے۔ ہماچل کے کلّو اور منڈی اضلاع اور لہول-سپیٹی ضلع کے مختلف حصوں میں تازہ برفباری کے ساتھ ہماچل پردیش کے اونچے علاقوں میں سردی جاری ہے۔ حکام نے بتایا کہ برفباری کی وجہ سے منالی-لہ روڈ بند ہو گیا اور لہ جانے والی گاڑیوں کو دارچا میں روک دیا گیا۔ لہول-سپیٹی کے گوندھلا میں 30 سینٹی میٹر، کیلانگ میں 15 سینٹی میٹر، ہنسہ میں 5 سینٹی میٹر اور ککمسری میں 3.2 سینٹی میٹر برفباری ہوئی۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ کم سے کم درجہ حرارت معمول سے پانچ-چھ ڈگری سیلسیس کم رہا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں بھی معمول سے سات سے 14 ڈگری سیلسیس تک کمی دیکھی گئی۔ مقامی موسمی دفتر نے بتایا کہ ریاست کے نچلے اور درمیانی پہاڑی علاقوں میں درمیانی سے بہت شدید بارش ہوئی ہے۔