نئی دہلی: سپریم کورٹ کی جانب سے سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کے خلاف کوئلہ بلاک الاٹمنٹ معاملے میں فوجداری کارروائی ختم کیے جانے کے بعد کانگریس نے بدھ کے روز بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو ملک سے معافی مانگنی چاہیے۔
سپریم کورٹ نے کوئلہ بلاک الاٹمنٹ کیس میں ڈاکٹر منموہن سنگھ کے خلاف جاری فوجداری مقدمہ بند کرتے ہوئے انہیں ملزم کے طور پر طلب کرنے کے احکامات بھی منسوخ کر دیے۔ اس فیصلے پر کانگریس کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا، "وزیر اعظم کو ملک سے معافی مانگنی چاہیے۔"
کانگریس کے میڈیا شعبے کے سربراہ پون کھیڑا نے انا ہزارے تحریک کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ "انڈیا اگینسٹ کرپشن" دراصل "کرپشن اگینسٹ انڈیا" تھی۔ سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کا 27 دسمبر 2024 کو انتقال ہو گیا تھا، اور اب اس ہائی پروفائل فوجداری مقدمے میں انہیں باضابطہ طور پر بری قرار دے دیا گیا ہے۔
چیف جسٹس سوریا کانت، جسٹس جویمالیا باگچی اور جسٹس وی موہنا پر مشتمل بنچ نے مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کی جانب سے پیش کی گئی کلوزر رپورٹ قبول کرتے ہوئے ڈاکٹر منموہن سنگھ اور دیگر کو کلین چٹ دے دی۔ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ماتحت عدالت کے جج کے پاس سی بی آئی کی کلوزر رپورٹ مسترد کرکے اس معاملے کا ازسرِ نو نوٹس لینے کی کوئی معقول وجہ موجود نہیں تھی۔