کانوڑ یاترا اور محرم پر یوگی کی ہدایات

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 26-06-2025
کانوڑ یاترا اور محرم پر یوگی کی ہدایات
کانوڑ یاترا اور محرم پر یوگی کی ہدایات

 



لکھنؤ/ آواز دی وائس
اتر پردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے آنے والے تہواروں محرم، کانوڑ  یاترا اور جگن ناتھ رتھ یاترا  کے پیشِ نظر قانون و انتظام برقرار رکھنے کے لیے اعلیٰ حکام کے ساتھ ایک اہم میٹنگ کی۔ وزیراعلیٰ نے گزشتہ شام یہ میٹنگ منعقد کی تاکہ ان مذہبی تقریبات کے دوران امن و امان قائم رہے اور کسی بھی قسم کا تنازعہ پیدا نہ ہو۔
تہواروں پر یوگی آدتیہ ناتھ کی ہدایات
وزیراعلیٰ یوگی نے آنے والے تہواروں کے حوالے سے افسران کو واضح ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ تہوار خوشی و عقیدت سے منائے جائیں، کسی قسم کی شرارت یا ماحول کو بگاڑنے والی حرکت برداشت نہیں کی جائے گی۔
سی ایم کی جانب سے سخت احکامات
وزیراعلیٰ نے کہا کہ شراون کا مقدس ہندو مہینہ 11 جولائی سے 9 اگست تک منایا جائے گا، جس میں کانوڑ یاترا، شراونی شوراتری، ناگ پنچمی اور رکشا بندھن جیسے تہوار شامل ہیں۔ اسی طرح، جگن ناتھ رتھ یاترا 27 جون سے 8 جولائی تک اور محرم 27 جون سے 7 جولائی کے درمیان متوقع ہے۔ ان تمام تہواروں کو مدنظر رکھتے ہوئے سخت انتظامی اقدامات کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
ایک سرکاری بیان کے مطابق، وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ پورا عرصہ قانون و نظم، صحت، صفائی، تعلیم اور آفات سے نمٹنے کے لحاظ سے نہایت حساس ہوتا ہے، لہٰذا تمام متعلقہ محکموں اور ضلع انتظامیہ کو مکمل تال میل اور ذمہ داری کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔
وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ اشتعال انگیز نعروں، ہتھیاروں کی نمائش جیسی حرکات کو بالکل برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کوشامبی، اٹاوہ اور اوریّہ میں حالیہ واقعات پر سخت رویہ اختیار کرتے ہوئے کہا کہ کچھ عناصر ذات پات پر مبنی فسادات کی سازش کر رہے ہیں، ایسے شرپسندوں کو بے نقاب کیا جائے۔
کانوڑ یاترا کے سلسلے میں ہدایات
یوگی آدتیہ ناتھ نے کانور یاترا کے راستوں کے حوالے سے بھی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ جہاں جہاں سے کانور یاتری گزریں گے، وہاں کھلے عام گوشت فروشی پر پابندی ہوگی۔ پولیس، مقامی انتظامیہ اور کانور سنگھوں کے درمیان مسلسل رابطہ ہونا چاہیے تاکہ تمام انتظامات پہلے سے طے کیے جا سکیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ یاتریوں کے مذہبی جذبات اہم ہیں، لیکن کسی شرارتی عنصر کو موقع نہ دیا جائے۔
ساتھ ہی وزیراعلیٰ نے صفائی، اسٹریٹ لائٹس، پینے کے پانی، بیت الخلاء اور طبی سہولیات کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی دی۔
محرم کے لیے ہدایات
محرم کے سلسلے میں وزیراعلیٰ نے زور دیا کہ جلوسوں کے دوران سیکیورٹی کو ترجیح دی جائے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ تعزیے کی اونچائی مقررہ معیار سے زیادہ نہ ہو۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی جلوس یا شو بھا یاترا کے لیے درخت کاٹنا یا کسی غریب کی جھونپڑی ہٹانا ناقابل قبول ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے سوشل میڈیا پر بھی کڑی نگرانی رکھنے، ڈرون سے نگرانی کرنے، اور افواہوں کا فوری طور پر تردید کرتے ہوئے درست معلومات شیئر کرنے کی ہدایت دی۔
میٹنگ میں کون کون شامل رہا؟
اس میٹنگ میں ڈی جی پی راجیف کرشن، پرنسپل سکریٹری داخلہ سنجے پرساد، وزیراعلیٰ کے اے سی ایس ایس پی گوئل، یوپی ایس ٹی ایف کے چیف اور اے ڈی جی لاء اینڈ آرڈر امیتابھ یش، یوپی پی سی ایل چیئرمین آشیش گوئل اور زرعی پیداوار کمشنر دیپک کمار بھی موجود تھے۔