لکھنؤ/آواز دی وائس
دیوالی کے تہوار میں اب بس چند ہی دن باقی ہیں۔ اس سے قبل اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے بدھ کے روز شرپسند عناصر کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی بھی شخص تہوار کے لطف اور جوش و خروش کو خراب کرنے کی کوشش کرے گا تو اسے فوراً جیل کی سلاخوں کے پیچھے ڈال دیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی نے خوشی اور جوش کے اس تہوار می خلل پیدا کرنے کی کوشش کی، تو جیل کی سلاخیں اُس کا انتظار کر رہی ہیں۔ وہ کوئی بھی ہو، اُسے اندر ڈالنے میں دیر نہیں لگے گی۔ اسی لیے میری بہنوں اور بھائیوں سے اپیل ہے کہ ہم سب تہواروں کو پُرامن اور خیرسگالی کے جذبے کے ساتھ ایک دوسرے کو مبارکباد دیتے ہوئے منائیں۔
یہ حکومت فسادیوں کے آگے گھٹنے نہیں ٹیکتی : یوگی آدتیہ ناتھ
یوگی آدتیہ ناتھ نے آگے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ گزشتہ آٹھ برسوں میں اتر پردیش میں جتنے بھی تہوار اور مذہبی تقریبات منعقد ہوئیں — چاہے وہ ہولی ہو، دیپاولی ہو، وجے دشمی، رام نومی، عید یا کرسمس — سبھی تہوار پُرامن انداز میں منائے گئے۔ ہر شخص کو اپنے تہوار اپنی عقیدت کے مطابق منانے کا حق ہے۔ یہ تہوار سڑکوں پر مظاہرے کرنے کے لیے نہیں بلکہ اپنی اجتماعی خوشی اور اظہار کا موقع ہیں۔ لوگ ایک دوسرے سے گلے ملیں، مل جل کر ترقی کے عمل کا حصہ بنیں، اور اپنے خاندان کی خوشی کو سماج کے ساتھ بانٹیں — یہی ان تہواروں کا مقصد ہے۔ اب وہ وقت اور وہ حکومت نہیں رہی جو فسادیوں کے سامنے گھٹنے ٹیک دے۔ یہ حکومت جانتی ہے کہ جو جس زبان میں سمجھے گا، اُسے اسی زبان میں سمجھایا جائے گا۔
یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ 2017 سے پہلے ریاست میں کوئی عوام یا سماج کے بارے میں نہیں سوچتا تھا، صرف اپنے خاندان کے مفاد کی فکر کی جاتی تھی۔ ہر رشتہ، چاہے وہ مہابھارت کے کسی کردار جیسا ہی کیوں نہ ہو، صرف خاندان تک محدود تھا۔ تہواروں کی خوشیاں فسادات اور غنڈہ گردی کی نذر کر دی جاتی تھیں۔ بدنظمی پھیلتی تھی۔ غریبوں کو سرکاری اسکیموں کا کوئی فائدہ نہیں ملتا تھا۔ نوجوانوں کی نوکریوں میں ڈاکہ ڈالا جاتا تھا، ترقیاتی کاموں کے پیسے لوٹ لیے جاتے تھے۔ نتیجہ یہ ہوتا تھا کہ ریاست کے لوگ خوشی سے تہوار نہیں منا پاتے تھے، غریب تباہ ہو جاتا تھا۔ ہر ضلع میں ان کے پाले ہوئے غنڈے بدامنی پھیلاتے تھے۔
ڈبل انجن کی بھارتیہ جنتا پارٹی حکومت نے طے کیا ہے کہ اب 'خاندانی سیاست' نہیں بلکہ پورے صوبے کو ایک خاندان مان کر ترقی کی جائے گی۔