وزیراعلیٰ مان کا پنجاب کے سیلاب متاثرین کے لیے بڑا اعلان

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 08-09-2025
وزیراعلیٰ مان کا پنجاب کے سیلاب متاثرین کے لیے بڑا اعلان
وزیراعلیٰ مان کا پنجاب کے سیلاب متاثرین کے لیے بڑا اعلان

 



چندی گڑھ/ آواز دی وائس
پنجاب میں سیلاب اور تباہی کے دوران ریاست کی بھگونت مان حکومت کی پیر کو کابینہ کی میٹنگ ہوئی۔ اس میٹنگ میں حکومت کی جانب سے کئی بڑے فیصلے کیے گئے جن کا براہِ راست فائدہ سیلاب متاثرین اور کسانوں کو ملے گا۔ حکومت نے پورے ریاست میں "جس کا کھیت، اُس کی ریت" پالیسی نافذ کر دی ہے اور کابینہ میٹنگ میں اس پر مہر بھی لگا دی گئی ہے۔
حکومت کے اس فیصلے کے بعد ان کسانوں کو بڑی راحت ملی ہے جن کے کھیتوں میں سیلاب کی وجہ سے مٹی جم گئی تھی۔ اب وہ کسان اس مٹی کو بیچ سکیں گے۔ اس کے علاوہ ریاستی حکومت نے پنجاب کے کسانوں کو فی ایکڑ فصل بربادی پر 20 ہزار روپے معاوضہ دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔ حکومت کا دعویٰ ہے کہ یہ اب تک ملک میں سب سے زیادہ معاوضہ ہے۔
جان گنوانے والوں کے خاندان کو معاوضہ
مان حکومت نے سیلاب میں جان گنوانے والے متاثرہ خاندانوں کے لیے بھی بڑا اعلان کیا ہے۔ حکومت نے کہا ہے کہ سیلاب کی وجہ سے جن لوگوں کی موت ہوئی ہے اُن کے اہلِ خانہ کو 4 لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے گا۔ ساتھ ہی جن کے مکانات کو نقصان پہنچا ہے اُنہیں بھی مالی مدد فراہم کی جائے گی۔
کسانوں کے قرض پر ریلیف
سیلاب متاثرہ کسانوں کو راحت دیتے ہوئے حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ جن کسانوں نے پنجاب کوآپریٹو بینکوں سے قرض لیا ہے انہیں چھ ماہ تک کوئی قسط نہیں دینی ہوگی۔ اس دوران ان پر کوئی سود بھی نہیں لگے گا۔
حکومت کے بڑے فیصلے
سیلاب کا پانی اترنے کے بعد ویکسی نیشن مہم شروع ہوگی۔
عوام کی صحت جانچنے کے لیے میڈیکل کیمپ لگائے جائیں گے۔
پانی اترنے کے بعد بڑے پیمانے پر صفائی مہم چلائی جائے گی۔
اسکولوں، کالجوں اور سرکاری عمارتوں کا سروے ہوگا اور مرمت کرائی جائے گی۔
مویشیوں کے نقصان کا بھی سروے کیا جائے گا اور معاوضہ دیا جائے گا۔
افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ میدان میں فعال رہیں اور عوامی مسائل کا فوری حل کریں۔
جانوروں میں پھیلنے والی بیماریوں کو روکنے کے لیے بھی انتظامات کیے جائیں گے۔
پنجاب 1988 کے بعد سب سے خوفناک سیلاب کا سامنا کر رہا ہے۔ ریاست کے 23 اضلاع اس وقت سیلاب کی زد میں ہیں۔ لوگوں کے کھیت اور مکانات پانی میں ڈوب گئے ہیں۔ کسانوں کو بڑے پیمانے پر نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ دریا کے کٹاؤ کی وجہ سے کئی مکانات پانی میں سما گئے۔ ہزاروں افراد کو ریلیف کیمپوں میں رہنے پر مجبور ہونا پڑا ہے۔