اتراکھنڈ کے ضلع اترکاشی کے دھرالی علاقے میں منگل کی دوپہر بادل پھٹنے کے سانحے نے شدید تباہی مچائی، جس میں کم از کم چار افراد جاں بحق ہو گئے ہیں جبکہ پچاس سے زائد افراد لاپتہ ہیں۔ حادثہ دھارالی گاؤں کے قریب کھیر گنگا ندی پر پیش آیا جہاں 20 سے 25 ہوٹل، ہوم اسٹے اور مکانات سیلابی ریلے میں بہہ گئے۔
ریسکیو آپریشن بھرپور طریقے سے جاری ہے۔ آئی ٹی بی پی، این ڈی آر ایف اور فوج کی ٹیمیں موقع پر موجود ہیں۔ فوج کی طرف سے 80 اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ 300 پولیس اہلکار، جن میں 2 آئی جی، 3 ایس پی، 11 ڈی ایس پی اور دیگر افسران شامل ہیں، امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔
کوپانگ میں قائم ریلیف کیمپ میں 80 مقامی افراد کو محفوظ رکھا گیا ہے۔ دوسری جانب شدید بارش اور مٹی کے تودے گرنے کی وجہ سے ہرشیل کے راستے میں کئی مقامات پر سڑکیں بند ہو چکی ہیں۔
لوئر ہرشل میں واقع ایک کیمپ سے 9 بھارتی فوجی لاپتہ ہیں، جبکہ 2 کو بچا لیا گیا ہے۔ اس کے باوجود فوج کے اہلکار جانفشانی سے امدادی کاموں میں مصروف ہیں اور بادل پھٹنے کے چند منٹوں بعد ہی موقع پر پہنچ گئے تھے۔
مسلسل موسلادھار بارش کے باعث بھاگیرتھی ندی خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے۔ محکمہ موسمیات نے اتراکھنڈ کے لیے "ریڈ الرٹ" جاری کرتے ہوئے اگلے 24 گھنٹوں میں شدید سے بہت شدید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
ریاستی حکومت نے امدادی کارروائیوں کے لیے فوری طور پر 20 کروڑ روپے جاری کر دیے ہیں تاکہ بچاؤ اور بحالی کے کاموں کو تیز کیا جا سکے۔
ایس ڈی آر ایف، گڑھوال رینج اور دیگر فورسز کے اعلیٰ افسران جیسے ارون موہن جوشی، راجیو سوروپ، پردیپ کمار رائے، شویتا چوبے اور کئی ڈپٹی ایس پیز موقع پر موجود ہیں۔
دہرادون، ہریدوار، پوڑی اور ٹہری سے بھی پولیس کی کمک پہنچائی گئی ہے۔ 40ویں بٹالین پی اے سی، آئی آر بی کی کمپنیوں کے ساتھ 160 اضافی اہلکار موقع پر پہنچ چکے ہیں۔
متاثرہ افراد اور ان کے اہل خانہ ان ہیلپ لائن نمبرز پر رابطہ کر سکتے ہیں:
01374-222722
01374-222126
9456556431
ٹول فری: 112، 1077
یوپی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ، اکھلیش یادو، مایاوتی اور دیگر رہنماؤں نے اس سانحے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ یوگی آدتیہ ناتھ نے اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی کو فون کر کے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔
سی ایم دھامی نے اپنا آندھرا پردیش کا دورہ فوری طور پر منسوخ کر کے ریاستی ڈیزاسٹر کنٹرول روم پہنچ کر ہنگامی میٹنگ کی قیادت کی اور امدادی اقدامات کا براہ راست جائزہ لیا