نئی دہلی/ آواز دی وائس
دہلی کے کچھ علاقوں میں مصنوعی بارش کا پہلا تجربہ کیا گیا۔ حکام کے مطابق، منگل کے روز براری اور کرول باغ سمیت کئی علاقوں میں مصنوعی بارش کا ابتدائی ٹرائل انجام دیا گیا۔افسران نے بتایا کہ مصنوعی بارش کے لیے فضا میں مخصوص کیمیکل چھڑکنے کے مقصد سے ایک جہاز نے کانپور سے دہلی کے لیے پرواز بھری اور یہ تجربہ کیا گیا۔
تجربے کے دوران، طیارے سے "سلور آیوڈائیڈ" اور "سوڈیم کلورائیڈ" کے مرکبات کی محدود مقدار چھوڑی گئی۔ حکام نے بتایا کہ بارش کے بادل پیدا کرنے کے لیے ہوا میں کم از کم 50 فیصد نمی ضروری ہوتی ہے، لیکن اس وقت نمی کی مقدار 20 فیصد سے بھی کم تھی، جس کی وجہ سے بارش نہیں ہو سکی۔
دہلی میں فضائی آلودگی سے نمٹنے کے لیے مصنوعی بارش
حکام کے مطابق، قومی دارالحکومت دہلی میں فضائی آلودگی کو کم کرنے کے مقصد سے یہ تجربہ دہلی حکومت کی جامع حکمتِ عملی کا حصہ ہے، جو سردیوں میں بڑھتی ہوئی آلودگی سے نمٹنے کے لیے تیار کی گئی ہے۔ گزشتہ ہفتے بھی براری کے آسمان پر جہاز نے ایک آزمائشی پرواز کی تھی۔
دہلی میں کلاؤڈ سیڈنگ کا دوسرا ٹرائل مکمل :منجندر سنگھ سرسا
دہلی کے وزیر منجندر سنگھ سرسا نے بتایا کہ دہلی میں کلاؤڈ سیڈنگ کا دوسرا تجربہ مکمل ہو چکا ہے۔ اسے آئی آئی ٹی کانپور نے سسنا ایئرکرافٹ کے ذریعے انجام دیا۔ جہاز میرٹھ کی سمت سے دہلی میں داخل ہوا، جس کے دائرے میں کھیکرا، براری، نارتھ کرول باغ اور مایور وہار شامل تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کلاؤڈ سیڈنگ میں 8 فلیئرز کا استعمال کیا گیا، ہر فلیئر کا وزن 2 سے 2.5 کلوگرام تھا، اور ان کے ذریعے بادلوں میں مخصوص مواد چھوڑا گیا۔ بادلوں میں 15 سے 20 فیصد نمی موجود تھی۔ یہ عمل آدھے گھنٹے تک جاری رہا اور ہر فلیئر 2 سے 2.5 منٹ تک سرگرم رہا۔
تجربے کے بعد جہاز میرٹھ میں اتر گیا۔
سرسا نے مزید بتایا کہ دوسری پرواز اور تیسرا تجربہ آج ہی کیا جائے گا۔ ہندوستانی محکمۂ موسمیات کے مطابق، ہوائیں شمال کی سمت ہیں اور بادل باہری دہلی کے کسی بھی حصے میں جا سکتے ہیں۔ آئی آئی ٹی کانپور کا ماننا ہے کہ 15 منٹ سے 4 گھنٹے کے درمیان کہیں بھی بارش ہونے کا امکان ہے۔ اگر نتائج مثبت رہے تو فروری تک ایک طویل المدتی منصوبہ تیار کیا جائے گا۔
آنے والے دنوں میں ایسی مزید 9 سے 10 پروازیں کی جائیں گی، جو موسم کی اجازت کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر ہوں گی۔