ٹرمپ اور مودی کے درمیان قریبی تعلقات ہے : سابق خارجہ سکریٹری

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 27-08-2025
ٹرمپ اور مودی کے درمیان قریبی تعلقات ہے : سابق خارجہ سکریٹری
ٹرمپ اور مودی کے درمیان قریبی تعلقات ہے : سابق خارجہ سکریٹری

 



نئی دہلی / آواز دی وائس
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ہندوستان پر 25 فیصد اضافی ٹیرف عائد کیا ہے جو آج یعنی 27 اگست 2025 سے نافذ ہوگیا ہے۔ اس سے قبل ٹرمپ نے 7 اگست سے ہندوستان پر 25 فیصد ٹیرف نافذ کیا تھا۔ روس سے تیل خریدنے کے معاملے پر ٹرمپ نے ہندوستان پر یہ نیا 25 فیصد اضافی ٹیرف لگایا ہے، جس کے بعد ہندوستان پر کل ٹیرف 50 فیصد ہو گیا ہے جو دنیا بھر میں سب سے زیادہ ہے۔ اسی دوران سابق خارجہ سکریٹری ہرشوردھن شرنگلا نے کہا کہ ڈونالڈ ٹرمپ اور وزیر اعظم مودی کے درمیان بہت گہری اور خصوصی شراکت داری ہے۔
سابق خارجہ سکریٹری اور راجیہ سبھا کے ممبر  ہرشوردھن شرنگلا نے کہا کہ ایک بات جو میں جانتا ہوں وہ یہ ہے کہ صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور وزیر اعظم مودی کے درمیان بہت قریبی اور خصوصی تعلقات ہیں۔ کئی میٹنگوں میں یہ بات بالکل واضح رہی ہے جن میں میں خود موجود رہا ہوں۔ یہ تعلق آج کا نہیں ہے بلکہ صدر ٹرمپ کے پہلے دور سے ہے جب ہاؤڈی مودی اور نمستے ٹرمپ جیسے پروگرام منعقد ہوئے تھے۔ مجھے امید ہے کہ ہم جلد ہی امریکہ کے ساتھ ایک تسلی بخش اور باہمی طور پر فائدہ مند آزاد تجارتی معاہدہ کرنے کا راستہ نکال لیں گے۔ یہ یقینی طور پر ہمیں صدر ٹرمپ کے اگلے ہندوستانی دورے کی طرف لے جائے گا۔
ہرشوردھن شرنگلا نے مزید کہا کہ  آج نصف شب سے ہندوستان سے امریکہ برآمد ہونے والی اشیاء پر ہمیں 50 فیصد کسٹم ڈیوٹی دینا ہوگی۔ ہم اس کے اثرات کو کم کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ ایک طریقہ متبادل منڈیوں کی تلاش ہے۔ آسٹریلیا، متحدہ عرب امارات اور برطانیہ کے ساتھ ہمارے آزاد تجارتی معاہدے ہیں اور ہم یورپی یونین کے ساتھ بھی ایک آزاد تجارتی معاہدے کے قریب ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ہم مختلف منڈیوں تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں اور اپنے کچھ برآمدات کو اس سمت موڑنے کا موقع ملے گا۔
امریکہ کے ساتھ ہمارے تعلقات کسی اور ملک سے زیادہ مضبوط ہیں: ہرشوردھن شرنگلا
راجیہ سبھا کے رکن نے کہا کہ  امریکہ کے ساتھ ہمارے سب سے وسیع اور کثیر جہتی تعلقات ہیں جو کسی بھی دوسرے ملک سے زیادہ مضبوط ہیں۔ اس رشتے کی مضبوطی ہماری مشترکہ اقدار اور اصول ہیں جو ہمیں اس رشتے میں آنے والے کسی بھی اتار چڑھاؤ سے نکالیں گے۔ ہندوستان میں اگلے امریکی سفیر کے طور پر سرجیو گور کی تقرری ایک بہت ہی مثبت قدم ہے۔
ہندوستان اور امریکہ کے سینئر حکام کی بات چیت
ہندوستان اور امریکہ کے سینئر حکام نے سول نیوکلیائی تعاون کو مضبوط کرنے سمیت تجارت و سرمایہ کاری، اہم معدنیات اور توانائی سلامتی کے شعبوں میں دو طرفہ تعلقات پر بات چیت کی ہے۔ ‘ٹو پلس ٹو’ انٹرسیشنل ڈائیلاگ کے فریم ورک کے تحت پیر کو ڈیجیٹل طریقے سے ہوئی یہ بات چیت ٹرمپ انتظامیہ کی تجارتی اور ٹیرف پالیسیوں کو لے کر دونوں ملکوں کے درمیان تناؤ کے پس منظر میں ہوئی۔
وزارت خارجہ نے کہا کہ دونوں فریق دفاعی تعاون بڑھانے کے لیے تیار ہیں، جس میں ہندوستان-امریکہ کی بڑی دفاعی شراکت داری کے لیے ایک نیا 10 سالہ فریم ورک پر دستخط کرنا شامل ہے، ساتھ ہی دفاعی صنعتی، سائنس اور ٹیکنالوجی تعاون کو آگے بڑھانا بھی۔ وزارت خارجہ نے کہا کہ دونوں فریقوں نے 21ویں صدی اور اس کے بعد کے لیے ہندوستان-امریکہ کمپیکٹ (فوجی راکت داری، تیز تر تجارت اور ٹیکنالوجی کے مواقع کو بڑھانا) کے تحت ان شعبوں میں ہوئی پیش رفت کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ دونوں فریقوں نے کواڈ کے ذریعے ایک محفوظ، مضبوط اور زیادہ خوشحال ہند-پیسفک خطے کو فروغ دینے کے اپنے عزم کی توثیق کی۔