پٹنہ/ آواز دی وائس
وزیر اعظم نریندر مودی پر نازیبا تبصرہ کیے جانے کے بعد سڑکوں پر زبردست ہنگامہ برپا ہوگیا۔ پٹنہ میں بی جے پی کارکنان نے کانگریس کے دفتر پر جم کر ہنگامہ کیا۔ اس دوران بی جے پی کارکنان کی پولیس سے بھی جھڑپ ہوئی۔ کئی گاڑیوں کو توڑ پھوڑ کا نشانہ بنایا گیا۔ اسی دوران کچھ کانگریس کارکنان بھی دفتر سے باہر نکل آئے اور پھر آمنے سامنے لاٹھی ڈنڈے چلنے لگے۔ بی جے پی کارکنان کا کہنا ہے کہ وہ وزیر اعظم مودی کی توہین برداشت نہیں کریں گے۔
وزیر اعظم مودی پر نازیبا تبصرے پر برہم بہار حکومت کے وزیر نیتن نبی نے کہا کہ میں کانگریس کے لیڈروں کو انتباہ دیتا ہوں۔ آپ نے ماں کی توہین کی ہے، بہار کا ہر بیٹا اس کا جواب دے گا۔ آپ نے وزیر اعظم کی توہین کی ہے، ہر بی جے پی کارکن اس کا بدلہ لے گا۔ ہم مظاہرہ کرنے آئے تھے۔ یہ پرامن مظاہرہ تھا لیکن کانگریس دفتر کے اندر سے اینٹ اور پتھر برسائے جا رہے ہیں۔ بی جے پی کارکن بندوق اور اینٹ سے نہیں ڈرتے۔ ہم ماں کی توہین کا بدلہ لے کر رہیں گے۔
وہیں کانگریس کارکن ڈاکٹر آشو توش نے کہا کہ اس کا سخت جواب دیا جائے گا۔ یہ سب حکومت کی سرپرستی میں ہو رہا ہے۔ نتیش کمار جو کروا رہے ہیں، وہ بالکل غلط ہے۔
وزیر اعظم مودی کو گالی دینے والا گرفتار
بہار میں کانگریس اور آر جے ڈی کی ’’ووٹر ادھیکار یاترا‘‘ کے دوران اسٹیج سے وزیر اعظم نریندر مودی کو گالی دی گئی تھی۔ اس معاملے میں پولیس نے ملزم نوجوان کو گرفتار کر لیا ہے۔ یہ واقعہ سمری تھانہ علاقے کے بٹھولی چوک کا ہے، جہاں کانگریس کی ووٹر ادھیکار یاترا کے دوران اسٹیج سے نازیبا زبان استعمال کی گئی تھی۔ اطلاع کے مطابق، اس واقعے کے بعد سمری تھانہ میں کینڈ نمبر 243/25 درج کیا گیا تھا۔ معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے پولیس نے فوری کارروائی کی اور جمعرات دیر رات سنگھواڑا تھانہ علاقے کے بھوپورا گاؤں کے رہائشی رفیق عرف راجا کو گرفتار کر لیا۔
بی جے پی نے کہا : راہل معافی مانگیں
کانگریس اور راجد کی ’’ووٹر ادھیکار یاترا‘‘ کے دوران اسٹیج سے وزیر اعظم نریندر مودی کے لیے قابل اعتراض الفاظ کا استعمال کیا گیا تھا۔ اس سے متعلق ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوا، جس کے بعد عوام میں غصہ پھیل گیا۔ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ اور بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا نے بھی اس مسئلے پر سخت ردعمل ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی اور تیجسوی یادو کو اس گھناؤنے فعل کے لیے معافی مانگنی چاہیے۔