نئی دہلی/ آواز دی وائس
وزارتِ خارجہ نے منگل کو سوشل میڈیا پر کیے جا رہے اُن دعووں کو "جعلی" قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا جن میں کہا گیا تھا کہ یمن میں سزائے موت کا سامنا کر رہی ہندوستانی نرس نِمیشا پریا کے معاملے میں حکومت کی طرف سے مخصوص بینک کھاتے میں "مالی امداد" جمع کرانے کی اپیل کی گئی ہے۔
وزارت کی فیکٹ چیک ٹیم کے ایکس ہینڈل نے ایک صارف کی جانب سے کیے گئے پوسٹ کا اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا، جس میں اس طرح کے دعوے کیے گئے تھے۔ 19 اگست کو ایک صارف نے "سیو نمیشا پریا" لکھے پوسٹر کے ساتھ کچھ "بینک ٹرانزیکشن" کی تفصیلات بھی پوسٹ کی تھیں۔
ایم ای اے فیكٹ چیك نے کہا كہ ہم نے سوشل میڈیا پر نمیشا پریا کیس میں ہندوستانی حکومت کی جانب سے مخصوص بینک اکاؤنٹ میں رقم جمع کرنے کی اپیل کے دعوے دیکھے ہیں۔ یہ ایک جعلی دعویٰ ہے۔
ہندوستان نے یکم اگست کو کہا تھا کہ وہ نمیشا پریا کے معاملے میں ہر ممکن مدد فراہم کرتا رہے گا۔ کیرالہ کے ضلع پالا کّاڈ کے کولّینگوڈ کی رہائشی نرس کو جولائی 2017 میں ایک یمنی شہری کے قتل کے معاملے میں قصوروار پایا گیا تھا۔
نمیشا (38) کی پھانسی 16 جولائی کو مقرر کی گئی تھی لیکن ہندوستانی حکام کی مداخلت کے بعد اسے مؤخر کر دیا گیا تھا۔ وہ اس وقت یمن کے دارالحکومت صنعا کی ایک جیل میں قید ہے جو ایران نواز حوثی باغیوں کے قبضے میں ہے۔